ڈپٹی کمشنر بدر منیر کی زیر صدارت ضلعی فوڈ اینڈ ڈرگ ریگولیٹری کمیٹی کا اجلاس

مظفرآباد (سٹیٹ‌ویوز)ڈپٹی کمشنر بدر منیر کی زیر صدارت ضلعی فوڈ اینڈ ڈرگ ریگولیٹری کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد سعید اعوان ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عاصم خالد اعوان ، اسسٹنٹ کمشنر سٹی عفت اعظم، ڈرگ انسپکٹر راجہ لیاقت علی خان اور محکمہ خوراک کے انجینئر ابرار احمد میر نے شرکت کی ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہریان مظفرآباد کو معیاری اشیاءخوردونوش اور ادویات کی فراہمی کےلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔

تمام فیکٹریز جن میں مصالحة جات ، آئس کریم ،برف، منرل واٹر ، پیکنگ و مینو فیکچرنگ پاپڑہ وغیرہ ، آٹا چکی اور دودھ و دہی وغیرہ کے کارخانے کی ایک مکمل تفصیل مرتب کر کے نمونہ جات حاصل کیے جائیں گے ۔ حاصل کردہ نمونہ جات کی باقاعدہ ٹیسٹنگ کروانے کے بعد اشیائے خوردونوش ، دودھ دہی ، منرل واٹر ، آئس کریم ، قلفی، برف، ادویات اور خام مال کے غیر معیاری پائے جانے کی صورت میں ایسے عناصر کے خلاف تحت ضابطہ قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ اجلا س میں اس امر کااظہار کیا گیاکہ جملہ متعلقہ محکمہ جات ملکر آزادکشمیر میں قائم فوڈ کنٹرول اتھارٹی کو موثر بنائیں گے تاکہ آزاد کشمیر میں خوراک اور اشیائے خوردونوش کے بہترین معیار کو قائم رکھا جا سکے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں