اسپائرورلڈانوسٹمنٹ اورمیپلزگروپ نےدبئی میں اہم کاروباری شخصیات کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کردیا

دبئی(سٹاف رپورٹر/سٹیٹ ویوز) دبئی میں اسپائر ورلڈ انوسٹمنٹ اور میپلز گروپ کے اشتراک سے بزنس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ۔ اس بزنس کانفرنس کا مقصد دنیا میں مختلف شعبوں میں جدت کو لوکل مارکیٹ میں متعارف کرانے سمیت امارات کی مارکیٹ میں رسائی حاصل کرانے کے ساتھ ساتھ مختلف کاروباری شخصیات کو ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا تھا جسمیں مل جل کر مستقبل کے عروج کی طرف گامزن ہوا جا سکے ۔

اس تقریب میں مختلف کمپنیوں نے اپنے اپنے شعبے میں جدت کو نمائش کے لئیے پیش کیا ۔ یہ تقریب دبئی کے ایک مقامی فائیو سٹار ہوٹل میں منعقد کی گئی۔تقریب کے مہمان خصوصی پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ کے چئیرمین اورسابق نگران صوبائی وزیر سردار تنویر الیاس خان تھے جن کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور موجودہ حکومت عمران خان کی قیادت میں پاکستان کو تجارتی مرکز بنانے جا رہی ہے۔ یہ پاکستان میں سرمایہ کاروں کے لئیے نادر موقع ہے کہ وہ مختلف شعبہ جات میں سرمایہ کاری کر کے نہ صرف اپنا کاروبار بڑھا سکتے ہیں بلکہ پٹرو کیمیکلز ، ڈیری لائیو سٹاک ، ٹیکسٹائل اور دیگر کئی شعبوں میں سرمایاکاری کے مواقعوں سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں .

جبکہ اس تقریب کی صدارت دبئی کسٹم کے ڈائریکٹر یعقوب ال علی نے کی انکے ساتھ دبئی دیوان خاص کے رکن محمد ابراہیم سمیت بڑی تعداد میں دنیا بھر کے ستائیس ممالک کے ممبران نے شرکت کی ۔تقریب کے میزبان میپلز گروپ کے سی ای او اور بورڈ ممبر راجہ راشد علی نے کہا کہ ہم دنیا میں جدت کو فروغ دینا چاہتے ہیں جس سے نہ صرف انسانیت کا بھلا ہو گا بلکہ کم سے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل کیاجا سکے گا ۔

اس تقریب کے بورڈ ممبر اور شیخ سعید بن خلیفہ النہیان کے بزنس ایڈوائزر راجہ عرفان کا کہنا تھا کہ ایسی تقریبات سے بدلتی جدید دنیا سے ہم آہنگی کرنے کے نہ صرف مواقع ملیں گے بلکہ یو اے ای کے کاروباری مسائل کے حل میں اپنا کردار بھی ادا ہو گا ۔ اس تقریب کے میزبان اور اسپائر ورلڈ انوسٹمنٹ کے سی ای او ڈاکٹر منیر چوہدری نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرنے سمیت مستقبل قریب میں تقریبات کے حوالے سے شرکاء کو آگاہ کیا۔ اس بزنس کانفرنس میں انٹرینمنٹ کے لئیے معروف پاکستانی سنگر آئیمہ بیگ اور دبئی میں مقیم معروف پاکستانی سنگر اور یو این او کی برینڈ ایمبیسڈر سونیا مجید کو خصوصی مدعو کیا گیا تھا ۔ پروگرام کے آخر پر سردار تنویر الیاس خان ، آئمہ بیگ ، سونیا مجید ، راجہ ریاست علی ، عرفان یوسف ، راجہ اسد اور مختلف ممالک اور شعبوں سے اپنی اپنی فیلڈ میں نمایاں کردار ادا کرنے والوں کو انکی خدمات کے پیش نظر ایوارڈزاور سرٹیفیکیٹس سے بھی نوازا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں