چئیرمین کشمیر کمیٹی فخر امام نے تنازعہ کشمیر بارے اپنی پالیسی واضح کردی

اسلام آباد(سٹیٹ ویوز)قومی اسمبلی میں پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر امور کےچئیرمین سید فخرامام نے پاکستان ٹیلیویژن کے اینکر پرسن راشد یعقوب خان کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ بدلتے عالمی تناظر میں کشمیر کے تنازعے کو حل کرنا عالمی برادری کی ذمہ داری ہے ۔کشمیر پر اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی رپورٹ اور دیگر 4 رپورٹس نے بھارتی بربریت دہشت وحشت کو دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے۔

سید فخر امام کا کہنا تھا کہ برہان مظفر وانی کشمیری عوام کا ہیرو اور ان کا رول ماڈل ہے آج کشمیر کے ہر گھر سے برہان مظفر وانی نکل رہا ہے۔کشمیری عوام میں موت کا ڈر نہیں بلکہ وہ جذبہ آزادی سے سرشار ہو کر بھارتی 7 لاکھ فوج کا مقابلہ کررہے ہیں ۔پاکستان کی حکومت دنیا کے سامنے کشمیر کی اصل حقیقت اور بھارتی افواج کی درندگی کو سامنے لانے کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے.

پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر ماضی کے مقابلے میں اپنا منفرد اور جاندار رول ادا کرکے دنیا کو کشمیر میں لگی آگ اور اس کے نتائج بارے آگاہ کرے گی تاکہ دنیا اس سنگین مسلے کو حل کرنے میں اپنا سنجیدہ رول ادا کرے۔ انھوں نے کہا کہ عالمی برادری اور اقوام متحدہ کو اپنی ہی پاس کردہ قراردادوں کے مطابق کشمیر کےمسلے کو حل کرنا ہوگا کیونکہ بھارتی بربریت دہشت اور وحشت سے کشمیری ڈرنے والے نہیں ۔

انھوں نے کہا ہے کہ برہان مظفر وانی سمیت لاکھوں کشمیری عوام کا خون ضرور رنگ لاےگااورکشمیری عوام کو ان کی منزل جلد ملے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں