ورلڈکپ سیمی فائنل: انگلینڈ کا اچھا آغاز، 14 رنز پر آسٹریلیا کی 3 وکٹیں گرگئیں

برمنگھم(نیوزڈیسک) کرکٹ ورلڈکپ 2019 کے دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ کے خلاف آسٹریلیا کی بیٹنگ جاری ہے۔

برمنگھم کے ایجبسٹن گراؤنڈ میں کھیلے جارہے میچ میں آسٹریلوی کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

اننگز کے آغاز پر قسمت نے آسٹریلیا کا ساتھ نہ دیا اور اس کی پہلی وکٹ 4 کے مجموعے پر گری اور فنچ بغیر کوئی رن بنائے آرچر کی گیند پر پویلین لوٹ گئے، ان کے بعد وارنر 9 کے مجموعے پر واکس کی گیند پر سلپ پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔پیٹر ہینڈسکومب بھی پچ پر ٹک نہ سکے اور 4 رنز بنا کر واکس کی گیند پر پویلین کا رُخ کرلیا۔

ورلڈکپ میں آسٹریلیا کو صرف 2 مرتبہ شکست کا سامنا رہا ہے جب کہ انگلش ٹیم کو 3 میچوں میں شکست ہوچکی ہے۔

آسٹریلیا کی ٹیم سیمی فائنل میں آٹھویں مرتبہ جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی ہے اور اب تک 5 مرتبہ ورلڈ چیمپئن کا ٹائٹل اپنے نام کرچکی ہے۔

انگلش ٹیم چار مرتبہ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرچکی ہے لیکن 1992 کے طویل عرصے کے بعد انگلینڈ ٹیم اب سیمی فائنل میں پہنچی ہے۔

دونوں ٹیمیں 1975 میں ہونے والے پہلے ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں ایک دوسرے سے مقابلہ کرچکی ہیں جس میں آسٹریلیا نے انگلش ٹیم کو بدترین شکست دی تھی لیکن ویسٹ انڈیز کی ٹیم سے فائنل میں انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں