چیف سیکرٹری آزاد حکومت نے متاثرین لیسواکی بحالی کےلئے تمام وسائل بروئے کارلانے کا عزم ظاہر کر دیا

نیلم ( سٹیٹ ویوز)چیف سیکرٹری آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر مطہر نیاز رانا نے کہا ہے کہ متاثرین لیسواکی بحالی کےلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں جائیں گے ۔ متاثرین کے دکھ اور تکلیف کا احساس ہے ۔افواج پاکستان کی طرف سے متاثرین لیسواکی بحالی کےلئے بروقت امدادی کارروائیوں اور بھرپور ریلیف فراہم کرنے پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں اوران کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ متاثرین کے جملہ مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرینگے۔ سانحہ میں لاپتہ افراد کی لاشوں کی تلاش کےلئے پاکستان آرمی کے تعاون سے ریسکیو آپریشن جاری ہے ۔

سڑک کی تعمیر ، بجلی کی بحالی ، واٹر سپلائی کے نظا م کی بحالی ، صحت کی سہولیات اور ریلیف کے عمل کو تیزی سے مکمل کیا جارہا ہے ۔ متاثرہ گھروں کے ملبے کو اٹھانے کےلئے ایکسویٹر مشینیں مفت فراہم کی جائیں گی۔ متاثرین کی بحالی کےلئے جامع پلان ترتیب دیا جارہا ہے ۔ ایک ہفتے کے اندر اندر متاثرین کو معاوضہ جات ادا کر دیے جائیں گے۔ مختلف ترقیاتی کاموں کےلئے این جی اوز کے ساتھ بھی ایم او یو سائن کیا جارہا ہے تا کہ متاثرین کی فوری بحالی ممکن ہو سکے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے اتوار کے روز لیسوا کے مقام پر متاثرین فلش فلڈ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر سیکرٹری مالیات فرید احمد تارڑ، سیکرٹری صحت عامہ میجر جنرل طاہر سردار، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ دیہی ترقی اعجاز احمد خان، سیکرٹری ایس ڈی ایم اے شاہد محی الدین قادری، سیکرٹری ورکس غلام بشیر مغل، سیکرٹری جنگلا ت ڈاکٹر شہلا وقار، سیکرٹری سماجی بہبود خواجہ احسن ، سیکرٹری برقیات سردار ظفر محمود، سیکرٹری ذکوٰة خواجہ طارق محمود، سیکرٹری زراعت و لائیو سٹاک راجہ طارق مسعود، سیکرٹری فزیکل پلاننگ و ہاﺅسنگ شریف ڈار،چیف پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ طارق محمود شعلہ ، کمشنر مظفرآباد ڈویژن چوہدری امتیاز،ایڈیشنل سیکرٹری تعلیم سید سلیم گردیزی ، ڈپٹی کمشنر نیلم راجہ محمو د شاہد ، ضلعی انتظامیہ اور این جی اوز کے نمائندگا ن بھی موجود تھے ۔ چیف سیکرٹری نے اس موقع پر متاثرین کی کھلی کچہری لگا کر ان کے مسائل سنے اور متعلقہ سیکرٹریز کو موقع پر ہدایات جاری کیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ متاثرین کے دکھ اور تکلیف کا احسا س ہے ۔ ان کی بحالی کےلئے دستیاب وسائل بروئے لائے جائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ متاثرہ سڑک کی بحالی کےلئے فوری طور پر پی سی ون بنا کر متعلقہ فورمز سے اس کی منظوری حاصل کی جائے ۔ محکمہ برقیات بجلی کا نظام اور محکمہ لوکل گورنمنٹ واٹر سپلائی کے نظام کو فوری طور پر بحال کرے۔ متاثرین کی بحالی کےلئے وفاقی حکومت سے بھی معاملہ اٹھایا جائےگااور ان کےلئے امداد حاصل کی جائے گی۔

دریں اثناءچیف سیکرٹری آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر مطہر نیاز رانا نے متعلقہ محکمہ جات کے سیکرٹریز کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی اور ریلیف و بحالی کے عمل کا جائزہ لیا۔ محکمہ جات نے اس موقع پر اپنی اپنی پراگرس سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں این جی اوز کے نمائندوں نے بھی چیف سیکرٹری کو اپنے اپنے کاموں کے متعلق بریفنگ دی۔چیف سیکرٹری نے اس موقع پرتمام محکمہ جات اور ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہاکہ ہم نے متاثرین کی بحالی اور علاقے کی تعمیر نو کےلئے جس عزم کے ساتھ کام شروع کیا ہے اسی عزم کے ساتھ اس کو مکمل کرنا ہے ۔ متاثرین کی بحالی اور تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی تعمیر نو کےلئے جامع پلان ترتیب دیا جائے اور جلد از جلد اس کام کو مکمل کیا جائے۔

جو کام بیوروکریسی کے اختیار سے باہر ہے اس کےلئے ورکنگ پیپر بنا کر کابینہ سے منظوری حاصل کرنے کےلئے اقدامات کیے جائیں۔ انہوںنے کہاکہ متاثرہ سڑک کی تعمیرنو ، واٹر سپلائی کے نظام کی بحالی ، تعلیمی اداروں اور مراکز صحت کی تعمیر نو کےلئے فوری طو ر پر متعلقہ فورمز سے منظوری حاصل کی جائے ۔ محکمہ زراعت متاثرہ زمینداروں کو معاونت فراہم کرے اور ان کو مفت کھاد اور بیج فراہم کیے جائیں۔ اس موقع پر سانحہ کے شہداءکی بلندی درجات کےلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں