ٹرمپ نے عمران خان کی دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی

واشنگٹن(نیوزڈیسک)وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نےکہا ہے کہ پاک امریکا تعلقات میں جو سرد مہری آئی تھی اس میں بہتری آئی ہے اور اب ہمارے لیے دروازے کھل چکے ہیں۔

واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امریکا کے ساتھ ازسر نو تعلقات کے لیے سنجیدگی کے ساتھ آئے ہیں، ہم مل کر کوشش کررہےہیں کہ تعلقات میں بہتری آئے حالانکہ تعلقات میں جو سردمہری آئی تھی اس میں بہتری آئی ہے اور اب ہمارے لیے دروازے کھل چکے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے امریکی صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی ہے جس کو انہوں نے خوش دلی سے قبول کیا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امریکی صدر کے دورہ پاکستان کے سلسلے میں جلد معاملات طے کیے جائیں گے جس کے بعد باقاعدہ تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم اقتصادی سفارت کاری کی طرف توجہ دینے کی بھی کوشش کریں گے۔

ایف اے ٹی ایف سے متعلق شاہ محمود قریشی نے کہاکہ اس کا بہت بڑا حصہ منی لانڈرنگ ہے، لوگ اس کے ذریعے پیسےآف شور کمپنیوں میں منتقل کرتے ہیں، وزیراعظم برملا کہہ چکے ہیں تیسری دنیا میں غربت کی وجہ منی لانڈرنگ ہے، امریکا کو منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لیے ہماری ساتھ دینا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کی مالی معاونت بھی بڑا مسئلہ ہے، ہم ان دونوں چیزوں میں پیش رفت چاہتے ہیں، منی لانڈرنگ اور دہشتگردی کی مالی معاونت کی روک تھام پر ہم نے اعتماد پیدا کیا ہے۔

مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے امریکا کی ثالثی کی پیشکش کے حوالے سے شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ پاکستان کامؤقف واضح ہےکہ مسئلہ کشمیر کو حل ہونا چاہیے، اسے مذاکرات کے ذریعے حل کرنا ہوگا، دو ایٹمی قوتیں تصادم کا خطرہ مول نہیں سکتیں۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت میں بھی ایک بڑا طبقہ ہے جوامن کی خواہش رکھتاہے، من کی راہ سب سے بڑی رکاوٹ مسئلہ کشمیر ہے، پہلی مرتبہ وزیراعظم نے اوول آفس میں امریکی صدر کو تنازع کشمیر کے بارے میں بتایا، مقبوضہ کشمیر میں طاقت کےبے جا استعمال پر عوام ردعمل دیتے ہیں، بھارت کی موجودہ حکمت عملی جاری رہی تو وہاں ردعمل تو ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ اور نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزرکی سطح پر پہلے بھی نشستیں ہوتی رہی ہیں، آج تک کسی امریکی صدر سے مسئلہ کشمیر کے حل کی خواہش کا اتنا برملا اظہار نہیں سنا، اس پر کوئی پیش رفت ہوتی ہے تو برصغیر میں بہتری کا امکان پیدا ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں