Gas

تیل اور گیس کے ذخائر دریافت

شمالی وزیرستان (نیوزڈیسک) : وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے بجلی وتوانائی حمایت اللہ کا کہنا ہے کہ قبائلی علاقوں میں گیس کے نئے ذخائر کی نشاندہی ہوئی ہے۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ یہ ذخائر شمالی اور جنوبی وزیرستان میں موجود ہیں۔ اب تک تین مختلف مقامات کی نشاندہی کر دی گئی ہے جن پر جلد کام شروع کر دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ کے مشیر کا کہنا تھا کہ اس معاملے سے وفاقی حکومت کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے-

اس کی نیلامی کا عمل جلد شروع ہو جائے گا۔انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ ایک کنویں میں گیس اور تیل کی تلاش کے لیے ساڑھے تین کروڑ ڈالر درکار ہیں۔جو صوبہ اپنے بجٹ سے پورا نہیں کر سکتا۔جب کہ چیف ایگزیکٹیو خیبرپختونخوا آئل اینڈ گیس کمپنی عثمان غنی خٹک نے بھی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ منصوبے سے دو ارب روپے سالانہ آمدن متوقع ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ اس منصوبے پر کام سرکاری کمپنی کو دیا جائے۔

خیال رہے 24جولائی کو آئل اینڈ گیس ڈیولیپمنٹ کمپنی لمیٹڈ نئے سانگھڑ کے علاقے میں تیل و گیس کئے نئے ذخائر دریافت کرنے کا اعلان کیا تھا۔بتایا گیا کہ سندھ کے ضلع سانگھڑ میں گیس اور تیل کا نیا ذخیرہ دریافت ہوا ۔ اس حوالے سے میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ او جی ڈی سی ایل کی کاوشوں کی بدولت سندھ میں تیل و گیس کا نیا ذخیرہ دریافت ہوا۔ تیل و گیس کے اس ذخیرے سے یومیہ 91 لاکھ مکعب فٹ گیس حاصل ہو رہی ہے۔

میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ دریافت ہونے والے ذخیرے سے یومیہ 520 بیرل تیل بھی نکل رہا ہے، تیل و گیس کا ذخیرہ اوجی ڈی سی ایل نےدریافت کیا۔ اس سے قبل بھی سانگھڑ میں ہدف ایکس ون کنویں سے تیل اور گیس کے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔ہدف ایکس ون کنویں سے 19 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی ذخائر ملے تھے۔ پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ کے مطابق پی پی ایل نے شراکت داروں گورنمنٹ ہولڈنگز پرائیویٹ لمیٹڈ اور ایشیا ریسورسز آئل لمیٹڈ کے ساتھ مل کر سانگھڑ میں واقع گمبٹ ساؤتھ بلاک (2568-18) کے دریافتی کنویں ہدف ایکس 1 (ایس ٹی) سے گیس اور کنڈنسیٹ کی دریافت کا اعلان کیا تھا۔

پی پی ایل ایس بلاک میں 65 فیصد کاروباری شراکت کے ساتھ آپریٹر ہے جبکہ جی ایچ پی ایل اور اے آر او ایل کی کاروباری شراکت داری بالترتیب 25 اور 10 فیصد ہے۔ تیل و گیس کے ذخائر کی دریافت کی خبر پر ماہرین نے بھی خوشی کا اظہار کیا ، اُن کا کہنا ہے کہ تیل و گیس کے ذخائر کی دریافت سے پاکستان کو قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہوگی۔ تیل و گیس کے ان ذخائر کی مکمل دریافت کے بعد اس سے ملکی معیشت کو بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔ جبکہ تیل و گیس کے ذخائر کی دریافت پر عوام میں بھی خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں