بلوچستان: 11 ہزار کے وی کی ٹرانسمیشن لائن لکڑی کے ڈنڈوں پر بچھادی گئی

اسلام آباد(نیوزڈیسک)بالائی مشرقی بلوچستان کے پہاڑی علاقے شرنگ میں 5 کلومیٹر علاقے میں بجلی کی 11 ہزار کے وی کی لائن لکڑی کے ڈنڈوں پر بچھائی گئی ہے اور اسی لائن کی لٹکتی تاروں نے 3 خواتین کی جان لے لی ہے۔

لیویز حکام کے مطابق یہ واقعہ ضلع لورالائی اور ژوب کے درمیان دور افتادہ پہاڑی علاقے شرنگ میں پیش آیا جہاں 11 ہزار کے وی لائن کے لٹکتے تاروں سے ٹکرانے سے 3 خانہ بدوش خواتین جاں بحق ہو گئیں۔

رکن قومی اسمبلی مولانا عصمت اللہ نے انکشاف کیا ہے کہ کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) نے میختر تا مرغہ کبزئی کے 5 کلو میٹر کے علاقے میں بجلی کی 11 ہزار کے وی کی ٹرانسمیشن لائن لکڑی کے ڈنڈوں پر بچھائی ہے۔

علاقے میں مواصلاتی نظام موجود نہیں اور گزشتہ ایک سال کے دوران اسی لائن سے کرنٹ لگنے کے حادثات میں کئی افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جس کی اطلاع کئی دنوں بعد موصول ہوتی ہے۔کیسکو کو 11 ہزار کے وی لائن کھمبوں پر منتقلی کیلئے بارہا کہا گیا مگر اس پر عمل نہیں ہوا۔

کیسکو حکام کے مطابق واقعہ ضلع ژوب اور ضلع لورالائی کے درمیان پہاڑی علاقے میں پیش آیا ہے جس کی تحقیقات جاری ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں