ٹرک ڈرائیور کی بیٹی نے سب کو مات دے دی

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب یونیورسٹی کی تاریخ میں سب سے زیادہ نمبر حاصل کرنے والی طالبہ نوشابہ ظفر نے ٹرک ڈرائیور کی بیٹی ہونے کے باوجود اپنی قابلیت اور ذہانت کے بل بوتے پر مرحوم والدین کا نام روشن کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق بی ایس سی کے امتحانات میں پنجاب یونیورسٹی سے الحاق شدہ تلہ گنگ میں موجود وی آئی پی گرلز ڈگری کالج کی طالبہ نوشابہ ظفر نے 800 میں سے 714 نمبر حاصل کر کے پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔ نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے ہونہار طالبہ نوشابہ ظفر کا کہنا تھا کہ میں لیکچرر بن کر اپنے لوگوں کی خدمت کرنا چاہتی ہوں –

میں چاہتی ہوں کہ میں اپنے مرحوم والد کی ہر خواہش کو پورا کروں۔نوشابہ ظفر کا کہنا تھا کہ بی ایس سی کا امتحان پاس کرنے کے بعد میں ماسٹرز کروں گی جس کے بعد میں ایم فل کرنے کا ارادہ بھی رکھتی ہوں۔ نوشابہ ظفر نے بتایا کہ میرے والدین کے انتقال کے بعد میرے دادا نے تعلیم جاری رکھنے میں میری حوصلہ افزائی کی اور مجھے مکمل سپورٹ کیا۔ نوشابہ ظفر کا کہنا تھا کہ میں اُن طلبا میں سے نہیں ہوں جو صرف پڑھائی ہی کرتے ہیں-

میں دیگر سرگرمیوں کے لیے بھی وقت نکالتی تھی۔ میں نے اپنی پڑھائی کو ہمیشہ اولین ترجیح پر رکھا اور یہی وجہ ہے کہ میں نے یہ پوزیشن حاصل کی اور اسکالر شپ کے حصول میں بھی کامیاب ہوئی۔ نوشابہ ظفر کا کہنا تھا کہ وہ تمام طلبا جو پڑھائی کے اخراجات نہیں اُٹھا سکتے اُن سب کے لیے میرا یہی پیغام ہے کہ محنت کریں اور اسکالر شپ کے حصول کو اپنے لیے ممکن بنائیں۔

دوسری جانب وی آئی پی ڈگری کالج کی پرنسپل زاہدہ حبیب نے اپنے کالج کی طالبہ کی اس شاندار کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 137 سالوں میں کسی نے اتنے اچھے نمبر اور پوزیشن حاصل نہیں کی۔ یہ اپنے آپ میں ایک منفرد ریکارڈ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں