اے ڈی بی کاپاکستان کو 50کروڑ ڈالرز قرض دینے کا اعلان

کراچی(نیوزڈیسک) ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کو 50 کروڑ ڈالرز کا قرض دینے کی منظوری دے دی ہے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ قرضہ پاکستان کی تجارت کے فروغ ،خسارے میں کمی اور معاشی اصلاحات (اکنامک ریفارمز) کے لیے دیا گیا ہے۔

اعلامیہ کے مطابق قرض کے ذریعے کاروبار آسان بنانے اور برآمدات بڑھانے کے لیے مدد (سپورٹ) فراہم کی گئی ہے۔ جاری اعلامیہ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ قرض سے پاکستان کے تجارتی خسارے کو کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لیے سات لاکھ 50 ہزار ڈالرز ٹیکنیکل سہولت کے لیے سپورٹ پیکچ کی بھی منظوری دی ہے۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ حکومت پاکستان کا ٹیکس نیٹ بڑھانے اور بجلی و گیس کے نرخ (ٹیرف) میں اضافے سے گردشی قرضے میں کمی ہوگی۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کی پاکستان کے ساتھ 53 سال کی شراکت داری ہے۔ بینک نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ پاکستانی معیشت میں بہتری اور مالیاتی مسائل کے حل کے لیے تمام ممکنہ مدد و تعاون فراہم کرتا رہے گا۔

آئی ایم ایف ، اے ڈی بی اور دیگر مالیاتی اداروں سے ملنے والے رقوم سے حکومت پاکستان کو درپیش معاشی مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں