پیرعلی رضابخاری نےنئی حلقہ بندی پراعتراض کردیا

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر/سٹیٹ ویوز)ممبر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی، سجادہ نشین درگاہ بساہاں شریف پیر علی رضا بخاری نے الیکشن کمیشن کی طرف سے نئی حلقہ بندیوں میں خلاف میرٹ و انصاف ضلع حویلی کو نظر انداز کرنے پر شدید احتجاج کرتے ہوے مطالبہ کیا ہے کہ تین اطراف سے ایل او سی میں گھرے ہوئے پسماندہ ترین ضلع کے عوام کو ان حق دیا جائے۔ وزیراعظم حویلی کے عوام کیساتھ اپنا وعدہ پورا کریں اور فی الفور حویلی میں بھی اضافی حلقہ دیں۔

جمعہ کو نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیر علی رضا نے کہا کہ ضلع حویلی کی آبادی لگ بھگ دو لاکھ کے قریب ہے اور یہ علاقہ تین اطراف سے دشمن کی چوکیوں میں گھرا ہوا ہے،دور افتادہ ہونے کی وجہ سے انتظامی صلاحیت کا بھی فقدان ہے ، نیا انتخابی حلقہ یہاں کے عوام کا مطالبہ اور حق ہے نئے حلقے کا مطالبہ کرنے والوں میں ضلع کے ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے صاحب رائے شامل ہیں۔ بار سے لے کر تاجر،طلبہ،خواتین دینی و سول سوسائٹی سب نئے حلقے کے مطالبے پر متفق اور متحد ہیں تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کی آل پارٹیز ایکشن کمیٹی برائے اضافی حلقہ گزشتہ دو سال سے جدوجہد کر رہی ہے –

متعدد مظاہرے کئے گئے اور بڑے اجتماعات میں اضافی حلقہ کے قیام کے لئے متفقہ قراردادیں منظور کی گئیں ، میں نے سابق وزیر اعظم ، قائد مسلم لیگ ن میاں محمد نواز شریف کو اس حوالہ سے خط لکھا تھا انہوں نے بھی حویلین کے موقف کی حمائت کی اور سینٹر ڈاکٹر آصف کرمانی کمال مہربانی کر کے خود کشمیر ہاؤس گئے اور وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر کو اھلیان حویلی کے لئے اضافی حلقہ کے حوالہ سے پیغام دیا۔ انہوں نے کہا کہ حویلی کے عوام اس مطالبے کی راہ میں کوئی رکاوٹ برداشت کرنے کو تیار نہیں۔ لہذا اب وقت آ گیا ہے کہ ضلع حویلی کو نظر انداز کرنے اور ان کے جائز حق پر ڈاکہ ڈالنے کی بجائے اسے بھی آزاد کشمیر کے دیگر علاقوں کے برابر لانے کے لئے اقدامات کئے جائیں اور نئے انتخابی حلقے سمیت یہاں سیاحت کے فروغ کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ حویلی کے لئے نئے حلقہ کا اعلان نہ کر کے اور اسے دانستہ نظرانداز کر کے یہاں کے عوام کی امنگوں کا قتل اور ان سے بھونڈا مذاق کیا گیا ہے۔ جس کو برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے من مانا فیصلہ کیا وزیراعظم نے حویلی کے عوام کیساتھ انصاف نہیں کیا یہ ان کے منصب کے مطابق نہیں -انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر حویلی کے عوام سے اضافی حلقہ کے وعدہ کو پورا کریں –

، مودی کے ایجنڈے کو ناکام بنانے کے لئے حویلی سمیت ایل او سی کے ملحق علاقوں کو خوشحال بنانا ضروری ہے انہوں نے واضح کیا کہ عوام کے حق کے لئے عوامی ،سیاسی اور عدالتی ہر اپشن استعمال کریں گے، اور حق لینے کے لئے اسمبلی کے اندر اور باہر بھرپور آواز اٹھائیں گے۔ پیر علی رضا بخاری نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان ، چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ ، وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور و مقتدر حلقوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پسماندہ ترین علاقہ حویلی کو اضافی حلقہ دلوانے کے لئے اقدامات اٹھائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں