ہٹیاں بالا میں سیلابی ریلے نے پانچ افرادکونگل لیا

اسلام آباد(نیوزڈیسک)آزادکشمیر کے ضلع جہلم ویلی میں حکام نے تصدیق کی ہے کہ جمعے کی شام یونین کونسل چکہامہ کے گاؤں گہل جبڑا سیداں میں آسمانی بجلی گرنے کے بعد آنے والے سیلابی ریلے میں پانچ افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جن میں تین خواتین شامل ہیں۔ حکام نے خدشہ ظاہر کیاہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

ڈپٹی کمشنر ہٹیاں بالا راجہ عمران شاہین کے مطابق انتظامیہ، پولیس اور ریسکیو ٹیمیں علاقے میں پہنچ گئی ہیں اور اب تک کی اطلاعات کے مطابق سیلاب میں بہہ جانے والے پانچوں افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔

متاثرین علاقہ کے مطابق سیلاب سے جبڑا گاؤں کے درجنوں گھر تباہ ہو گئے ہیں اور ارد گرد کے دیگر دیہاتوں میں بھی گھروں کو نقصان پہنچا ہے ۔

اس کے علاوہ اس علاقے کو جانے والی سڑک اور پل بھی تباہ ہو گئے ہیں جبکہ بجلی اور ٹیلی فون کا نظام درہم برہم ہے۔ متاثرہ گاؤں جبڑا کا مظفرآباد سے فاصلہ لگ بھگ 90 کلو میٹر ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق سیلاب میں ہلاک ہونے والوں کی عمریں 16 سے 45 سال کے درمیان ہیں۔

حکام کے مطابق مظفرآباد کے علاوہ ضلع حویلی اور کوٹلی میں بھی بارشوں اور سیلابی ریلوں سے سڑکوں، پلوں اور فصلوں کو نقصان پہنچا ہے تاہم ان علاقوں سے ابھی تک کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں