کین ولیمسن کے رویے نے ایک بارپھرسب کا دل جیت لیا

کولمبو(نیوزڈیسک)ورلڈ کپ کی رنر اپ نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے عالمی کپ میں اپنے شاندار رویے اور تحمل مزاجی سے دنیا بھر میں کروڑوں شائقین کے دل جیت لیے۔

ورلڈ کپ فائنل ٹائی ہونے کے بعد متنازع انداز میں انگلینڈ کو فاتح قرار دیے جانے کے باوجود کین ولیمسن کی تحمل مزاجی نے دنیا بھر کے شائقین کرکٹ کو بہت متاثر کیا اور ان کے اس عمل پر انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔

سری لنکا میں سیریز کے لیے موجود کین ولیمسن کو گزشتہ روز 8اگست کو اس وقت سرپرائز ملا جب مداح ان کی 29ویں سالگرہ کا کیک لے کر میدان میں پہنچ گئے۔

کٹونائیکے میں سری لنکن بورڈ پریذیڈنٹ الیون کے خلاف تین روزہ ٹور میچ میں پانی کے وقفے کے دوران شائقین ولیمسن کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے۔

نیوزی لینڈ کے کپتان فوراً دوڑ کر شائقین کے پاس پہنچے، وہاں جا کر کیک کاٹا اور خود کیک کھانے کے ساتھ ساتھ شائق کو بھی کھلایا۔

اس کے بعد دن کے اختتام پر نیوزی لینڈ کی ٹیم واپس ڈریسنگ روم میں پہنچی تو ان کی ٹیم نے بھی انہیں مبارکباد دی جبکہ بی جے واٹلنگ نے انہیں سالگرہ کا کیک بھی پیش کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں