آزادکشمیر کے صحافیوں کی سب سے بڑی تنظیم نے سیز فائر لاین کی طرف مارچ کا اعلان کردیا

مظفرآباد(سٹیٹ ویوز)سینٹرل یونین آف جرنلسٹس آزادکشمیر کی طوف سے مقبوضہ کشمیر کے صحافیوں سے اظہار یکجہتی اوراخبارات کی بندش کے خلاف 24اگست 2019بروز ہفتہ لائن آف کنٹرول کی جانب مارچ کا اعلان سامنے آیا ہے۔

ڈیڑھ کروڑ کے قریب بھارتی مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کی تمام انسانی آزادیاں طاقت کے ذریعے سلب کرنے،ذرائع ابلاغ کے تمام میڈیم بالخصوص اخبارات اور انٹرنیٹ کی بندش کے خلاف 24اگست 2019؁ء کو صبح مظفرآباد سے لائن آف کنٹرول کی طرف مارچ کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار سینٹرل یونین آف جرنلسٹس آزادکشمیر کے مرکزی سیکرٹری جنرل عبدالحکیم کشمیری نے سابق صدر سی یو جے ابرار حیدر،سی یو جے مظفرآباد کے صدر مسعود عباسی،سینٹرل پریس کلب کے سیکرٹری جنرل غلام رضا کاظمی،سابق ضلعی صدر مظفرآباد آصف رضا میر،اشتیاق آتش اور فدا حسین کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سی یو جے کے مرکزی صدر ظفیر بابا کی ہدایت پر سنٹرل یونین آف جرنلسٹس نے لائن آف کنٹرول کی طرف مارچ کیلئے 10اضلاع کے صحافیوں پر مشتمل کمیٹیاں بھی تشکیل دیدی ہیں جبکہ آزادکشمیر بھر سے سینئر صحافیوں پر مشتمل ایک مرکزی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے لائن آف کنٹرول مارچ میں ملکی،بین الاقوامی میڈیا،صحافتی تنظیموں پاکستان کے تمام پریس کلب ہا کے وفود،تاجروں،وکلاء اور سول سوسائٹی کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں