چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری 7روزہ دورے پر سکردو پہنچ گئے

سکردو(نامہ نگار) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو سات روزہ دورے پر سکردو پہنچے۔سکردو ائیرپورٹ پر پیپلزپارٹی گلگت بلتستان کے صوبائی صدر امجد ایڈووکیٹ،قائم مقام وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حاجی اکبر تابان،سابق وزیراعلیٰ سید مہدی شاہ،انجینئر اسماعیل،جمیل احمد،سعدیہ دانش،عمران ندیم سمیت دیگر پارٹی قیادت،جیالوں اور عوام کی کثیر تعداد نے استقبال کیا۔

ائیرپورٹ سے بلاول بھٹو کی ریلی کی شکل میں سکردو لایا گیا راستے میں جگہ جگہ عوام نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور نعروں سے پرتپاک استقبال کیا۔بلاول بھٹو کی سکردو آمد پر کارکنوں اور عوام کا جذبہ دیدنی تھا۔دریں اثنا شاہ ولاز سکردو میں بلاول بھٹو نے پیپلزپارٹی بلتستان ڈویژن ،ضلع سکردو اور دیگر پارٹی ورکروں سے ملاقات کی اور کارکنوں کے ساتھ تصاویر بھی بنائیں۔

بعد ازاں پارٹی ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو جمہوری اور انسانی حقوق دلانے کی جدوجہد کروں گا.شہید ذوالفقار علی بھٹو کے کشمیریوں کے ساتھ وعدوں کو پورا کریں گے،پاکستان پیپلزپارٹی کشمیریوں کی حقیقی آواز ہے،مودی نہ منموہن ہے نہ واجپائی ، ہم شروع سے خبردار کرتے آرہے ہیں،مودی کا ہندوتوا کا نظریہ ہے. اسے تو ویزا تک نہیں ملتا تھا،

عمران خان ایک کٹھ پتلی فاشست ہے وہ کیسے دوسرے کٹھ پتلی فاشسٹ پر تنقید کرسکتا ہے،ایک شخص جو اپنے ملک میں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑارہا ہے، وہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر کیسے بات کررہا ہے.بھارت اخلاقی میدان میں بری طرح جنگ ہار چکا ہے،میں بلتستان کے لوگوں کو سننے آیا ہوں، میں ان سے ملکی مسائل کے حل پر رائے لینا چاہتا ہوں،اگر ہمیں اسلام آباد تک لانگ مارچ کرنا پڑے تو مجھے یقین ہے کہ پورا گلگت بلتستان ہمارے ساتھ ہوگا..

اس موقع پر پیپلزپارٹی گلگت بلتستان کے صوبائی صدر امجد ایڈووکیٹ،سابق وزیرِاعلیٰ سید مہدی شاہ،غلام شہزاد آغا،بشارت ظہیر اور نجف علی نے خطاب کرتے ہوئے پارٹی چیئرمین کو بلتستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی گلگت بلتستان کے عوام کی آواز ہے اور اب تک جو بھی اصلاحات ہوئی ہیں وہ شہید بھٹو،شہید بے نظیر اور آصف زرداری نے کی ہیں اور ہمیں امید ہے کہ آئیندہ بھی پیپلزپارٹی گلگت بلتستان کے عوام کے لئے پارلیمنٹ میں آواز اٹھائے گی اور عملی اقدامات کرے گی۔

گلگت بلتستان کے عوام مظلوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور مودی سرکار کے مظالم کی شدید مذمت کرتے ہیں۔اس موقع صوبائی سکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش اور رکن گلگت بلتستان اسمبلی عمران ندیم بھی موجود تھے۔بعد ازاں بلاول بھٹو سے پیپلزپارٹی خواتین ونگ کی عہدیداروں اور کارکنوں نے بھی ملاقات کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں