پاکستانی باکسر عثمان وزیر نے فلپائن میں بڑامقابلہ جیت لیا

کراچی(نیوزڈیسک) پاکستانی باکسر عثمان وزیر نے فلپائن میں منعقدہ اپنی دوسری پروفیشنل باکسنگ فائٹ جیت کر ملک کا نام روشن کردیا۔

اطلاعات کے مطابق فلپائن کے شہر منیلا میں ہونے والے سپر لائٹ کیٹیگری کے مقابلے میں پاکستانی باکسر نے اپنے فلپائنی حریف کو پچھاڑ دیا، عثمان وزیر نے دوسرے ہی راؤنڈ میں مدمقابل کو ناک آوٹ کردیا۔

گلگت سے تعلق رکھنے والے باکسر نے مقابلے سے قبل روایتی علاقائی لباس پہن کر رنگ میں انٹری دی، کامیابی کے بعد عثمان وزیر نے کہا کہ اس فتح پر اللہ کا شکر گزار ہوں، پوری قوم بالخصوص گلگت و بلتستان کے عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں، خوش ہوں کہ میں نے ایک بار پھر سے ملک کا نام روشن کیا، مستقبل میں بھی فتوحات کی کوشش کروں گا۔

عثمان وزیر پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کے شاگرد ہیں اور انہوں نے اسلام آباد کے پاکستان اسپورٹس بورڈ کمپلیکس میں قائم عامر خان اکیڈمی سے ٹریننگ حاصل کی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں