منافع بخش کاروبار کیلئے اوبر کا 8 فیصد ملازمین کو فارغ کرنے کا فیصلہ

نیویارک (نیوزڈیسک)بین الاقوامی کار رائیڈ کمپنی اوبر کا کہنا ہے کہ وہ اپنی سروس کو منافع بخش بنانے کے لیے مصنوعات اور انجینئرنگ کے شعبے سے تعلق رکھنے والے اپنے 8 فیصد عملے کو فارغ کررہے ہیں۔

فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق سان فرانسسکو سے تعلق رکھنے والی کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ’تیزی سے ترقی کرتے ہوئے اوبر کے ملازمین کی تعداد 27 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے اور اب کارکردگی کے لیے اس میں کمی کا وقت آگیا ہے۔

اوبر کمپنی کے ترجمان نے اس حوالے سے کہا کہ ’ہم دوبارہ ٹریک پر واپس آنے کے لیے کچھ تبدیلیاں کررہے ہیں جس میں عملے کی تعداد میں کمی بھی شامل ہے تا کہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ ہمارا عملہ اولین ترجیحات کے مطابق ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ہمیں امید ہے کہ یہ تبدیلیاں روزانہ کی بنیاد پر ہمارے کام کو بہتر کریں گے اور ہم اعلیٰ میعار کے حوالے سے اپنی کارکردگی کا جائزہ لے سکیں‘۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ’اوبر بہترین تکنیکی قابلیت والے افراد کو ملازمت دیتا رہے گا لیکن اس میں خصوصی طور پر اعلیٰ کارکردگی کو مدِ نظر رکھا جائے گا‘۔

خیال رہے کہ اس سے قبل جولائی کے مہینے میں اوبر نے لاگت میں کمی اور کام کی صلاحیت کو بہتر بنانے کے لیے مارکیٹنگ ٹیم سے 400 ملازمین سمیت 1200 کارکنان کو فارغ کردیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں