وزیراعلیٰ کے مشیر شہباز گل مستعفی، عون چوہدری کوبھی عہدے سے ہٹا دیا گیا

لاہور (سٹیٹ ویوز) پنجاب کابینہ میں ردو بدل،وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے مشیر شہبازگل مستعفی جبکہ مشیر برائے وزیراعلیٰ عون چوہدری کو بھی عہدے سے ہٹا دیا گیا، نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

عون چوہدری کی جگہ آصف محمود کو وزیراعلیٰ کا ایڈوائزر تعینات کر دیا گیا۔اسد کھوکھر کو صوبائی وزیر بنانے کی منظوری دیدی گئی، وزیراعظم کی منظوری کے بعد وزیراعلیٰ نے اسد کھوکھر کو صوبائی وزیر بنانے کی منظوری دی، اسد کھوکھر آج صوبائی وزیر کا حلف اٹھائیں گے۔

واضح رہےکہ شہباز گل پنجاب حکومت کے سرگرم ترجمان سمجھے جاتے تھے اور وہ ہر محاذ پر پنجاب حکومت اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا دفاع کرتے نظر آتے تھے جب کہ گزشتہ روز شہبازگل نے ایک پریس کانفرنس بھی کی تھی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ جسے عثمان بزدار کی شکل پسند نہیں تو وہ پارٹی چھوڑ دے۔

دوسری جانب عون چوہدری وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھی سمجھے جاتے ہیں جنہیں پی ٹی آئی حکومت کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب کا مشیر لگایا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں