وزیراعلیٰ پنجاب کا سڑکیں اور پارکس کشمیر کے نام سے منسوب کرنیکااعلان خوش آئند ، سردار تنویر الیاس خان

اسلام آباد(سٹیٹ ویوز)چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ پنجاب سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی کامیاب سفارتکاری کے نتیجہ میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس کا انعقاد بڑی پیشرفت اور انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں مسئلہ کشمیراور بھارتی جارحیت کےخلاف جانیوالی سفارتی کوششیں قابل ستائش ہیں بھر پور سفارتی اقدامات کے باعث ملکی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ روس نے بھی پاکستانی موقف کی حمایت کی ہے جو ہمیشہ اقوام متحدہ میں پاکستان کے موقف کو ویٹو کرتا تھا ۔

سردار تنویر الیاس خان کامختلف وفود سے ملاقات کے دوران گفتگوکرتے ہوئے کہنا تھا کہ بطور پاکستانی ہمیں اس موقع پر حکومت کے ہاتھ مضبوط کرتے ہوئے دنیا کو پیغام دینا ہوگا کہ ہم کشمیر کی آزادی اور مادر وطن کا دفاع اور خارجہ امور میں سیسہ پلائی دیوار کی طرح حکومت اور اس کی پالیسیوں کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی طرف سے صوبے کے تمام اضلاع میں سڑکیں اور 9پارکس کشمیر کے نام سے منسوب کرنے کااعلان خوش آئند ہے جس سے کشمیریوں کے حوصلے کو مزید تقویت ملے گی ۔ وفاقی و صوبائی حکومتوں کی جانب سے ایسے اقدامات کشمیری شہداکو خراج تحسین پیش کرنے کے مترادف ہیں اور اس سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہورہے ہیں۔

سردار تنویر الیاس خان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے معاملہ پر حکومت پاکستان نے دو ٹو ک موقف اختیار کیا ہے سفارتی محاذ پر بھی بھر پور مہم جاری ہے تاکہ دنیا کو اس اہم مسئلہ سے آگاہ کیا جاسکے ، لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے تاریخ ساز احتجاج ہوا ، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل حکومت کے بروقت اقدامات کی وجہ سے ایک بار پھر مسئلہ کشمیر کو ڈسکس کرنے جارہی ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ لندن ، برسلزسمیت دنیا بھرمیں پاکستانیوں اور کشمیریوں نے بڑے پیمانے پر احتجاج کیا ہے ، کامیاب سفارت کاری کے باعث چین ، روس اور برطانیہ نے بھارتی اقدام پر اظہار تشویش کیا ہے اور پاکستان کے موقف کو سپورٹ کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں