جموں کشمیر سوشل جسٹس پارٹی کے قیام کو ایک سال مکمل

اسلام آباد(سٹیٹ ویوز)جموں کشمیر سوشل جسٹس پارٹی کے قیام کو ایک سال مکمل ہو گیا، پارٹی کی پہلی سالگرہ کے موقع پر آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع، پاکستان،یورپ و برطانیہ، مڈل ایسٹ، سعودیہ سمیت دنیا بھر میں پارٹی چیئرمین ڈاکٹر اسحاق نے بلجیم، وائس چیئرمین سردار اصغر نے راولپنڈی ، چیف آرگنائزر سردار ابرار ، ضلعی صدر سردار خورشید نے پلندری، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری راجہ سعید نے قطر، عدنان عباس نے دوبئی،علی میر نے نیلم،سردار جہانگیر لندن،سردار زاکر فرانس،سردار اکمل سعودیہ و دیگر قائدین نے مختلف تقاریب میں پارٹی کارکنوں کے ہمراہ کیک کاٹا۔ مختلف تقاریب میں پارٹی کی ایک سالہ کارکردگی رپورٹ بھی پیش کی گئی اور آئندہ کی حکمت عملی کا جائزہ بھی لیا گیا۔

اس موقع پر اپنے پیغام میں چیئرمین ڈاکٹر سردار اسحاق نے کہا کہ ہم نے ایک برس قبل جن مسائد حالات میں سیاسی پلیٹ فارم کی بنیاد رکھی تھی آج ساتھیوں کی جہد مسلسل اور عوام کے اعتماد سے اسکی بنیادیں مضبوط بنائی جا رہی ہیں۔ آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع و تحصیلوں سمیت دنیا بھر میں جہاں جہاں کشمیری موجود ہیں وہاں پارٹی کو گراس روٹ لیول تک مضبوط کیا جا رہا ہے۔ یہ عوام کا سوشل جسٹس پارٹی اور اسکی قیادت پر اعتماد ہے کہ اسکا پیغام ہر جگہ عام ہو رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ریاست جموںو کشمیر میں پہلے ہی درجنوں پارٹیاں موجود تھیں ، ہم ایک ایسے پلیٹ فارم کیلئے سرگرم ہیں جو روایتی جماعتوں سے مختلف ہو۔ ہم عوام کے حقیقی مسائل اجاگر کر کے انھیں ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کرنے کیلئے کوشاں ہیں جہاں وہ حقیقی معنوں میں اپنے حقوق کی جدوجہد کر سکیں۔

ڈاکٹر اسحاق نے کہا کہ آج ریاست جموں و کشمیر اور اسکی عوام پر کڑا وقت ہے۔ ہندوستانی حکومت نے گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے مقبوضہ کشمیر میںظلم و جبر کا جو بازار گرم کر رکھا ہے اسکی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔ جموں و کشمیر کے عوام اپنی ریاست کیخلاف تمام اندرونی و بیرونی سازشوں کا مقابلہ کرنے کیلئے متحد ہو کر آگے بڑھیں۔ اسکے لئے تحریک آزادی کو درست سمت پر آگے بڑھانے کی ضرورت ہے اور سوشل جسٹس پارٹی ہی واحد پلیٹ فارم ہے جسکا پروگرام تمام قومی و مقامی امور کی مکمل ترجمانی کرتا ہے، عوام اگر مقاصد کی کامیابی چاہتے ہیں تو آگے بڑھ کر ہمارا ساتھ دیں.

اپنا تبصرہ بھیجیں