پاکستان میں دنیا کی بلند ترین میرا تھن ریس کا آغاز

اسلام آباد(نیوزڈیسک) پاکستان میں واقع دنیا کی بلند ترین چوٹیوں میں سے ایک پر ہونے والی عالمی میراتھن ریس میں کا آغاز ہوگیاہے ۔ اس ریس میں کئی عالمی ریکارڈ بنیں گے۔

خنجراب ہائیسٹ ایلٹیٹیوڈ روڈ میراتھن ریس کا آغاز ہو گیا ہے۔ اس ریس میں پاکستان سمیت سترہ ممالک کے ایتھلیٹس حصہ لے رہے ہیں ۔

پاک فضائیہ کے ترجمان کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ اس ریس میں 39 غیر ملکی ایتھلیٹس سمیت 154 ایتھلیٹس شرکت کر رہے ہیں ۔

گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ حافظ حفیظ الرحمن اور ونٹر اسپورٹس فیڈریشن آف پاکستان کے صدر ائر مارشل عاصم ظہیر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

یہ ریس تین کیٹیگریز پر مشتمل ہے جن میں الٹرا میراتھن (پچاس کلومیٹر)، میراتھن (بیالیس کلومیٹر)، اور ہاف میراتھن (اکیس کلومیٹر) شامل ہیں۔یہ ریس پاک فضائیہ اور ونٹر اسپورٹس فیڈریشن آف پاکستان کے زیر اہتمام منعقد ہو رہی ہے۔

پاکستان اور چین کی سرحد پر واقع خنجراب ٹاپ پر دنیا بھر سے آئے ایتھلیٹ دوڑ رہے ہیں اور اس بلند مقام پر دوڑی جانے والی اس ریس میں کئی عالمی ریکارڈ بھی بنیں گے۔ جن میں دنیا کی بلند ترین چوٹی 15 ہزار فٹ پر دوڑنے کا ریکارڈ بھی شامل ہو گا۔

ونٹر اسپورٹس فیڈریشن آف پاکستان کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی اس میراتھن میں 17 ممالک کے ایتھلیٹ حصہ لے رہے ہیں جو الٹرا میراتھن، میراتھن، اور ہاف میراتھن ریسوں میں شرکت کریں گے جبکہ کھیلوں کی تاریخ میں اس بلندی پر اس سے قبل ایسی کوئی ریس منعقد نہیں ہوئی۔

واضح رہے کہ ان مقابلوں سے پاکستان کے مثبت تاثر کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ ان دلفریب علاقوں میں سیاحت کے فروغ میں بھی مدد ملے گی، اس ریس کے حوالے سے ایک پرومو جاری کر دیا گیا جس میں بیرون ملک سے آنے والے کھلاڑیوں کے تاثرات دکھائے گئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں