اسلام آباد میں ڈینگی کے 2777 کیسز رپورٹ

اسلام آباد(نیوزڈیسک)قومی ادارہ صحت ( این ایچ ایس) کی رپورٹ کے مطابق رواں برس وفاقی دارالحکومت میں ڈینگی کے 2777 کیسز سامنے آئے ہیں۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد کے 7 رہائشی افراد ڈینگی کے باعث جاں بحق ہوئے جبکہ ملک بھر میں اب تک ڈینگی کے 16 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ وزارت صحت پُرامید ہے کہ درجہ حرارت میں کمی سے کیسز میں کمی آئے گی لیکن کوشش کی جارہی ہے کہ ہر مریض کو ہسپتال میں بستر کی فراہمی یقینی بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

سیکریٹری این ایچ ایس ڈاکٹر اللہ بخش ملک نے کہاکہ مریضوں کو بستر کی دستیابی کے لیے نجی ہسپتالوں میں ایک ہزار بستر خالی کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’ صحت سہولت پروگرام کے چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) ڈاکٹر فیصل رفیق کو نجی ہسپتالوں سے تعاون کے لیے مقرر کیا گیا ہے جن میں ترامری روڈ پر ایچ بی ایس جنرل ہسپتال، بھارہ کہو میں اکبر نیازی ہسپتال، فراش ٹاؤن میں النفیس ہسپتال، لہترار روڈ پر ڈاکٹر صدف اسپیشلسٹس ہسپتال اور العین ہسپتال شامل ہیں۔

سیکریٹری این ایچ ایس نے مزید کہا کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں ڈینگی کی وبا پر قابو پانے کے لیے تمام کوششیں کی جارہی ہیں اور اس سلسلے میں تمام وسائل کا استعمال کیا جارہا ہے۔

کیٹاگری میں : صحت

اپنا تبصرہ بھیجیں