محکمہ موسمیات نے موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی کر دی

کراچی (ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات نے آئندہ 2 روز کے دوران شہر قائد میں تیز بارشوں کی پیشگوئی کردی ۔ ہفتے کے روز بلوچستان، سندھ خیبر پختونخوا، جنوبی پنجاب، کشمیر ، گلگت بلتستان میں بارش جبکہ جنوبی پنجاب میں بعض مقامات پر ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے، محکمہ موسمیات نے جنوبی بلوچستان کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔ ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے اور رات گئے بارش کی شدت میں تیزی کا امکان ہے۔ ایران سے بلوچستان میں داخل ہونا والا سسٹم کراچی میں فعال ہے اور بارش کا سسٹم بن رہا ہے۔

سردار سرفراز نے مزید بتایا کہ کراچی میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ آئندہ 2 روز تک جاری رہے گا، اب تک نارتھ کراچی اور اطراف میں 9 اعشاریہ 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتے کو بلوچستان اور سندھ کے بیشتر شہروں، خیبر پختونخوا اور جنوبی پنجاب کے اضلاع میں بھی بارش کاامکان ہے۔ جنوبی پنجاب کے چند مقامات پرژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔ مظفرآبادسمیت کشمیرکے تمام اضلاع ، گلگت بلتستان ، ملاکنڈ، چترال، سوات، لوئر دیر، اپردیراورکوہاٹ میں بھی بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہید بینظیرآباد ،حیدرآباد ،سکھر ، لاڑکانہ، بہاولپور، رحیم یارخان اورراجن پورمیں بھی بارش کاامکان کیا ہے اور خدشہ ظاہر کیا ہے کہ بلوچستان کے جنوبی علاقوں کے ندی نالوں میں طغیانی آسکتی ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی 20 سیریز کا آغازآج لاہور میں ہو گا اور شائقین کرکٹ کو جہاں پہلے میچ کا شدت سے انتظار ہے تو وہیں بارش کے باعث میچ متاثر ہونے کا خدشہ بھی پیدا ہو گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواﺅں کا سلسلہ بالائی علاقوں میں پہنچ چکا ہے جس کے باعث پنجاب کے بالائی علاقوں کے علاوہ خیبرپختونخواہ اور کشمیر میں بارش کا امکان ہے جبکہ لاہور میں 4 اور پانچ اکتوبر کی درمیانی شب (آج رات) بارش کا امکان ہے جس کے باعث میچ بھی متاثر ہو سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں