اسپین کی فیشن کمپنی نے ذہین قمیض ایجاد کر لی

بارسلونا(مانیٹرنگ ڈیسک ) اسپین کی ایک فیشن کمپنی نے ’’الٹیمیٹ اسمارٹ شرٹ 3.0‘‘ کے نام سے ایک ذہین قمیض ایجاد کی ہے جس کے بارے میں اس کا دعویٰ ہے کہ یہ اعصابی تناؤ کم کرتی ہے، رگوں میں خون کا بہاؤ بہتر بناتی ہے اور میٹابولزم (استحالہ) میں تیزی لاتے ہوئے، اپنے پہننے والی کی جسمانی توانائی میں بھی اضافہ کرتی ہے۔’سیپیا‘ نام کی یہ کمپنی کئی سال سے ذہین قمیضیں تیار کررہی ہے جبکہ نئی اسمارٹ شرٹ ان ہی کی تیسری نسل ہے۔ اسی وجہ سے اس کے نام میں 3.0 موجود ہے۔ اس کے دو علیحدہ علیحدہ ڈیزائن ہیں: ایک مردوں کےلیے اور دوسرا خواتین کےلیے۔

اس شرٹ کے صحت بخش فوائد کے بارے میں کمپنی کے دعوے صرف میٹابولزم ہی پر ختم نہیں ہوتے بلکہ کمپنی پریس ریلیز میں یہ بھی کہا گیا ہے یہ شرٹ اپنے پہننے والے کی جلد میں تیزابیت کے علاوہ خون میں یورک ایسڈ کی مقدار کو بھی قابو میں رکھتی ہے جو اگر زیادہ ہوجائے تو پٹھوں اور ہڈیوں میں درد کی وجہ بنتا ہے۔ان تمام خصوصیات کا مجموعی نتیجہ یہ ہے کہ اسے پہننے والے کا اعصابی تناؤ اور تھکن، دونوں کم ہوں گے اور اس کی صحت بہتر رہے گی۔

نئی اسمارٹ شرٹ میں وہ تمام خوبیاں موجود ہیں جو اس سے پہلے والی اسمارٹ شرٹس میں تھیں۔ مثلاً اس میں کالر اور آستینوں پر میل کچیل جمع نہیں ہوتا، ہوا کا گزر بہتر ہوتا ہے جس کی وجہ سے پہننے والے کو پسینہ کم آتا ہے جبکہ پسینے کی بدبو بھی بہت کم پیدا ہوتی ہے؛ اور اگر شدید گرمی میں بہت زیادہ پسینہ آجائے، تب بھی اس پر پسینے کے دھبے نمودار نہیں ہوتے۔
ان سب کے علاوہ، نئی اسمارٹ شرٹ میں پہننے والے کی صحت بہتر رکھنے کےلیے ’’بایوسیرامک نینو پارٹیکلز‘‘ بھی اس کے دھاگے میں شامل کردیئے گئے ہیں جن کی بدولت یہ ویسی ہی مفید ’فار انفرا ریڈ ریز‘ پیدا کرسکتی ہے جیسی سورج سے خارج ہوتی ہیں۔ نہ نظر آنے والی ان لہروں کی گرمی سے رگوں میں خون کے بہاؤ سے لے کر میٹابولزم تک، ہر چیز میں افاقہ ہوتا ہے۔

دوسری جانب یہ شرٹ ان خطرناک الٹرا وائیلٹ شعاعوں کو بھی روک لیتی ہے جو کئی قسم کے کینسر کی وجہ بن سکتی ہیں۔اتنی ساری خوبیوں کے باوجود، یہ شرٹ بہت کم خرچ ہے جسے کمپنی کی ویب سائٹ سے براہِ راست صرف 98 ڈالر (تقریباً 16 ہزار پاکستانی روپے) میں خریدا جاسکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں