فلم ’ہاف فرائے‘ میں ملکہ ترنم کا لازوال گیت بھی شامل

اسلام آباد(نیوزڈیسک)ایکشن وکامیڈی فلم ’ہاف فرائے‘ میں ملکہ ترنم میڈم نور جہاں کا مشہور اور لازوال گیت ’دلدار صدقے‘ بھی شامل کیا گیا ہے۔

گزشتہ دنوں فلم کے ہدایت کار ابو علیہا نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ پر ایک اعلان کیا جس میں انہوں نے بتایا کہ فلم ’ہاف فرائے‘ میں میڈم نور جہاں کا لازوال گیت ’دلدار صدقے، لکھ وار صدقے ‘ بھی شامل ہوگا۔میڈم نور جہاں برصغیر کی معروف گلوکارہ و اداکارہ تھیں، یہی وجہ ہے کہ آج بھی ان کے گیت بے حد مقبول ہیں اور اب مداحوں کو ان کے گیت ’دلدار صدقے‘ کے ری میک کا بے صبری سے انتظار ہے۔

معروف گیت ’دلدار صدقے، لکھ وار صدقے‘ 1972 کی فلم سلطان کا گیت ہے جسے نور جہاں نے اپنی خوبصورت آواز میں گایا تھا اور یہ گیت نور جہاں کے مقبول ترین گانوں میں سے ایک ہے۔

ابو علیہا کی تحریر کردہ اور ہدایت کاری میں بننے والی فلم ‘ہاف فرائے’ میں مرکزی کرداراداکار یاسر حسین اور ان کی منگیتر اقراء عزیز ادا کریں گی۔

واضح رہے کہ یہ فلم معروف اداکارہ اقراء عزیز کی ڈیبیو فلم ہوگی جب کہ ان کے علاوہ ’ہاف فرائے’ میں اداکارہ فریال محمود اور فیضان خواجہ بھی ساتھ کام کریں گے۔

ابو علیہا کی فلم ’ہاف فرائے‘ آئندہ سال 2020 میں سنیما گھروں کی زینت بنے گی جب کہ اقراء عزیز اور یاسر حسین کے مداح ان دونوں کو بڑی اسکرین پر دیکھنے کے لیے بہت بے تاب ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں