بھارتی فوج نے سیز فائر لائن پر جنگ مسلط کر دی نیلم میں چھ شہریوں کے شہید ہونے کی تصدیق :دو بھارتی فوجیوں کی بھی ہلاکت

اسلام آباد:سٹیٹ ویوز
رپورٹ: خواجہ کاشف میر

پاکستانی زیرانتظام آزادکشمیر کے نیلم ویلی اور لیپہ سیکٹر میں گزشتہ رات بھارتی مورچوں سے شہری آبادی پر شدید گولہ باری کی جاتی رہی جو صبح 4 بجے تک جاری رہی۔ گولہ باری اس قدر شدید تھی کہ ریاستی دارلحکومت مظفرآباد میں بھی زور دار آوازیں سنائی دیتی رہیں۔

حکومتی ادارے سٹیٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کی جاری کردہ تازہ رپورٹ کے مطابق نیلم میں چھ افراد بھارتی گولہ باری سے شہید ہو چکے ہیں ۔مرنے والوں میں اعظم میر ولد عبدالمجید۔ رفاقت میر ولد اعظم میر اور سرفراز ولد غلام ربانی شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں نرگس زوجہ رفاقت میر۔ کائنات دختر رفاقت میر ۔ زیتون جان۔ روشن جان اور محمد شبیر شامل ہیں ان افراد کو علاج کیلیے اٹھمقام ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

رات گئےانڈین آرمی نے نیلم ویلی میں سول آبادی اور فوجی پوسٹوں کو نشانہ بنایا گیا تاہم پاک فوج کے ترجمان عسکری ادارے آئی ایس پی آر نے اور حکومت پاکستان کے دفتر خارجہ نے اس حوالے سے ابھی تک کوئی بھی معلومات سامنے نہیں لائی ہیں ۔

پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان نے اپنی تازہ ٹویٹ میں کہا کہ “مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی فورسز بے لگام ہوگئی ہیں جبکہ رات گئے بے رحمانہ گولہ باری میں نیلم ضلع میں بھارتی فوج کی گولہ باری سے 6 شہریوں کو شہید اور 8 کو زخمی کردیا گیا۔ یہ وحشت کی بلندی ہے اور دنیا کو اس پر خاموش نہیں رہنا چاہئے۔”

سٹیٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے مطابق بھارتی گولہ باری سے نیلم اور لیپہ میں 18 کے قریب گھروں اور متعدد دکانات تباہ ہونے کی اطلاعات بھی ملی ہیں۔

شہری دلنواز احمد کا کہنا ہے کہ نوسیری میں نیلم جہلم پن بجلی منصوبے کے قریبی علاقوں پر بھارتی فوج کی طرف سے گولے داغے گئے لیکن ڈیم کو نقصان نہیں پہنچا۔مظفرآباد پولیس کےمطابق نیلم ویلی کےعلاوہ لیپہ ویلی اور کوٹلی کے کھوئی رٹہ سیکٹر پر بھی سیز فائر لائن کی دوسری طرف سے گولہ باری کی گئی ہے۔

نیلم کے رہائشی ریاض بانڈے کے مطابق وادی نیلم میں بھارتی مورچوں سے شدید گولہ باری کی گئی، جس سے پھلاکاں، جورا بانڈی، بانڈی، اشکوٹ، صندوق میر پورہ, کنڈل شاہی لیسوا کی آبادی کو نشانہ بنایا گیا۔ گولہ باری کی آوازیں اس قدر شدید تھیں کہ پوری رات ہم سب لوگ جاگتے رہے۔

کمشنر مظفرآباد ڈویژن چوہدری امتیاز کے مطابق ہٹیاں بالا۔ نیلم اور مظفرآباد میں ہمارے تمام انتظامی اور ریسیکیو کے ادارے الرٹ ہیں۔

دوسری جانب بھارتی ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی نے پاک فوج کی گولہ باری سے دو بھارتی فوجی اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق بھی کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں