پاکستان میڈیکل کمیشن آرڈیننس نافذ، پی ایم ڈی سی کو تحلیل کردیا گیا

اسلام آباد(نیوزڈیسک) صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آرڈیننس کے نفاذ کے ذریعے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) کو تحلیل کردیا، جس کے نتیجے میں پاکستان میڈیکل کمیشن (پی ایم سی) کے نام سے نئے ادارے کے قیام کی راہ ہموار ہوگئی۔

پی ایم ڈی سی کی جگہ قائم کیے جانے والے ادارہ پاکستان میڈیکل کمیشن (پی ایم سی) 9 افراد پر مشتمل ہوگا اور کمیشن کا سربراہ صدر کہلائے گا۔پی ایم ڈی سی تحلیل کیے جانے سے متعلق نئے آرڈیننس کا نوٹی فکیشن آج (پیر) کو جاری کیے جانے کا امکان ہے۔

علاوہ ازیں وزارت برائے قومی صحت (این ایچ ایس) نے اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی مدد سے پاکستان میڈیکل کونسل کی عمارت کا کنٹرول سنبھال لیا اور کونسل کے 220 ملازمین کو ہدایت کردی کہ دفتر ایک ہفتے کے لیے بند رہے گا۔

تاہم ڈاکٹروں کی نمائندگی کرنے والے ادارے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) نے مذکورہ فیصلے کو غیرجمہوری قرار دیا ہے اور سیاسی جماعتوں سے صدارتی آرڈیننس مسترد کرنے کی اپیل کی ہے۔

کیٹاگری میں : صحت

اپنا تبصرہ بھیجیں