موبائل فون کا چارجر آج ہر گھر میں موجود ہے جسے بے ضرر سی چیز سمجھا جاتا ہے–مزید پڑھیں

موبائل فون کا چارجر آج ہر گھر میں موجود ہے جسے بے ضرر سی چیز سمجھا جاتا ہے لیکن اس معمولی چیز نے برطانیہ میں ایک خاندان کو کنگال کر دیا ہے۔ میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ کے قصبے ابرفین میں موبائل فون کے چارجر کی وجہ سے ایک گھر میں آگ لگ گئی جس نے پورے گھر کو جلا کر خاکستر بنا ڈالا۔ یہ گھر میاں بیوی سٹورٹ اور لینا کا تھا۔ حادثے سے کچھ ہی دیر پہلے سٹورٹ نے اپنا موبائل فون چارجر سے اتارا اور بیوی اور 7سالہ بیٹے سمیت باہر کھانا کھانے چلا گیا۔

کچھ ہی دیر بعد انہیں پولیس کی فون کال موصول ہوئی۔ آفیسرز نے انہیں بتایا کہ ان کے گھر میں آگ لگی ہوئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق آگ گھر کی بالائی منزل کے ایک بیڈ روم میں لگی جہاں بیڈ کے قریب ایک ساکٹ میں چارجر لگا ہوا تھا۔ ریسکیو ورکرز کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر چارجر جلنے سے اس کے شعلے بیڈ پر گرے اور آگ بھڑک اٹھی۔ رپورٹ کے مطابق گھر کی بالائی منزل آگ نے تباہ کر ڈالی اور نچلی منزل پر موجود سامان آگ بجھانے کے لیے پھینکے جانے والے پانی نے برباد کر دیا۔

سٹورٹ اور لینا کو گھر کی بحالی کے لیے ایک سال کا وقت دیا گیا ہے، تب تک انہیں عارضی گھر میں رہنا ہو گا۔لینا کی بہن مسز میتھیو کا کہنا تھا کہ ’’خوش قسمتی سے میری بہن کی فیملی آتشزدگی کے واقعے کے وقت گھر سے باہر تھی ورنہ جس قدر شدید آگ لگی تھی، کوئی جانی نقصان بھی ہو سکتا تھا۔‘‘

اپنا تبصرہ بھیجیں