بااثر افراد نے خاتون کی لاش تدفین کے فوری بعد قبر سے باہر نکال لی

رحیم یار خان (ویب ڈیسک ) رحیم یار خان پنجاب کے ضلع رحیم یار خان کے قبرستان میں زمینداروں کی قبروں کے پاس تدفین کو مسئلہ بنا لیا گیا جس کے بعد خاتون کی لاش قبر سے نکال دی گئی۔تفصیلات کے مطابق رحیم یار خان میں زمینداروں کی قبروں کے پاس تدفین کرنے پر بااثر افراد نے خاتون کی لاش قبر سے باہر نکال دی اور حملہ کر کے متوفیہ کے تین لواحقین کو زخمی کر دیا۔

پولیس نے اس واقعہ کا مقدمہ درج کر کے دو ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔جب کہ خاتون کی تدفین دوبارہ کروا دی گئی ہے۔واقعے کے تینوں زخمیوں کو مقامی اسپتال میں طبی امداد دی گئی۔خیال رہے کہ اب سے کچھ روز قبل بھی لاہور میں ایک عجیب و غریب واقعہ پیش آیا تھا۔لاہور کے ایک قبرستان میں بچوں کی لاشیں کفت سمیت قبروں سے باہر آگئی تھیں۔اس حوالے سے معلوم ہوا تھا کہ 4 روزکی بچی کو دفنایا گیا اور اگلے دن جب لواحقین فاتحہ خوانی کے لیے پہنچے تو اُس جگہ پر بڑی قبر دیکھ کر حیران رہ گئے۔

لواحقین پولیس کوساتھ لائے تو 3 بچوں کی کفن میں لپٹی ہوئی میتیں قبروں سے باہر پڑی تھیں۔ جس کے بعد تفتیش کی گئی تو اہل محلہ نے الزام عائد کیا کہ گورکن پیسے لے کر قبریں تبدیل کر دیتا ہے۔ پولیس حکام نے علاقہ فرید کالونی کے قبرستان کے گورکن کو حراست میں لے لیا جس کے بعد قبروں سے بچوں کی لاشیں باہر نکلنے کے اس عجیب واقعہ کی تفتیش کی گئی۔
پولیس حکام نے بتایا کہ اس واقعہ کی تحقیقات کی جارہی ہیں گورکن قبریں تبدیل کرتا تھا یا لاشیں نکال کر بیچتا تھا-

اس بارے میں ابھی کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔ پولیس نے بتایا کہ ہم ملزم سے تفتیش کر رہے ہیں۔ تفتیش کے بعد ہی واقعہ سے متعلق اصل حقائق کا علم ہو سکے گا۔ خیال رہے کہ قبرستانوں میں اس سے قبل بھی ایسے کئی واقعات دیکھنے میں آئے ہیں جہاں سے قبروں سے میتیں غائب ہو جاتی ہیں اور انہیں چوری کر لیا جاتا ہے۔قبرستان کے ارد گرد رہنے والے شہریوں کا ماننا ہے کہ اس طرح کے واقعات میں قبرستان کے گورکن کا بہت بڑا ہاتھ ہوتا ہے اور کئی مرتبہ تو گورکن پیسے لے کر بھی یہ کام کرتا ہے کہ یا تو کسی کی قبر میں سے میت نکال کر زیادہ پیسے وصول کر کے اُس قبر میں کسی اور کی میت کو دفن کر دیتا ہے یا پھر جادو ٹونے کرنے والوں کی مدد کرنے کے لیے میتیں ان کے سپرد کرتا ہے۔

شہریوں نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے واقعات کو نوٹس لے کر ذمہ دار شخص کا تعین کیا جائے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں