Babri masjid

بابری مسجد کیس، بھارتی سپریم کورٹ نے فیصلہ سنانا شروع کر دیا

بھارتی سپریم کورٹ نے بابری مسجد کیس کا فیصلہ سنانا شروع کر دیا، کورٹ نے سنی ، شیعہ وقف بورڈز اور نرموہی اکھاڑے کی درخواستیںمسترد کرتے ہوئے خارج کر دیں اور اتفاقِ رائے سے فیصلہ سنایا۔بھارتی سپریم کورٹ ایودھیا میں بابری مسجد اور رام مندر کے طویل تنازع کا فیصلہ آج سنایا ہے، جس سے پہلے ایودھیا سمیت پورے بھارت میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی تھی۔

بھارتی چیف جسٹس رنجن گوگئی کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے مندر مسجد کے اس طویل تنازع کا فیصلہ سنایا، رنجن گوگئی 17 نومبر کو ریٹائر ہو رہے ہیں۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق پانچوں ججز نے ایک ایک کر کے اپنا فیصلہ پڑھ کر سنایا، جسٹس نذیر اس بینچ میں واحد مسلمان جج ہیں۔6 دسمبر 1992ء کو بابری مسجد کو شہید کر دیا گیا تھا، سپریم کورٹ نے بابری مسجد کیس کی سماعت 16 اکتوبر 2019ء کو مکمل کی تھی۔

بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی نے اس موقع پر عوام سے امن برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔ایودھیا میں دفعہ 144 نافذ کر کے متنازع مقام سمیت اہم عبادت گاہوں کی حفاظت کے لیے سیکیورٹی بڑھا دی گئی، کئی مقامات پر انسدادِ دہشت گردی دستے تعینات کیے گئے۔ہندو انتہا پسندوں نے 6 دسمبر 1992ء کو بابری مسجد شہید کی تھی، ان کا دعویٰ ہے کہ مسجد کی تعمیر سے پہلے یہاں ایک مندر تھا، مسجد کی شہادت کے بعد الہٰ آباد ہائی کورٹ میں کیس چلا۔

ہائی کورٹ نے 30 ستمبر 2010ء کو اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ ایودھیا کی 2 اعشاریہ 7 ایکڑ زمین کو 3 حصوں میں تقسیم کیا جائے، ایک تہائی زمین رام لِلا مندر کے پاس جائے گی، ایک تہائی سُنّی وقف بورڈ کو اور باقی کی ایک تہائی زمین نرموہی اکھاڑے کو ملے گی۔ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں 14 اپیلیں دائر کی گئی تھیں جن پر آج فیصلہ سنایا گیا۔

بابری مسجد، رام مندر تنازع کی تاریخ کیا ہے؟
بابری مسجد اور رام مندر تنازع ایک مذہبی، سیاسی اور تاریخی بحث ہے جو 27 سال سے بھارت میں جاری ہے جس کا مرکزی نقطہ یہ ہے کہ بابری مسجدکو ہندوئوں کے رام مندر کو گِرا کر تعمیر کیا گیا تھا۔مغل بادشاہ ظہیر الدین بابر کے نام سے منسوب بابری مسجد کوایودھیامیں1528 ءمیں تعمیر کیا گیا تھاجبکہ ایک ہندو گروہ نے دعویٰ کیا تھا کہ بابری مسجد کو رام مند ر کو منہدم کر کے تعمیر کیا گیا ہے۔

ہندو گروہ کے دعوے کے بعد 1853ء میں بابری مسجد کی جگہ پر مذہبی تنازع شروع ہوا۔1859ء میں برطانوی انتظامیہ نے مسلم ہندو تنازع کو دیکھتے ہوئے اِس جگہ کےچاروں اطراف باڑ لگا دی تھی اور مسلمانوں اور ہندوئوں دونوں کے لیے الگ الگ عبادت گاہوں کا نشان لگا دیا تھا اور تقریباً 90 برس ایسا ہی چلتا رہا۔1949ء میں بابری مسجد کے اندر رام کے بتوں کو رکھنے کے بعد جائیداد کا یہ تنازع پہلی بار بھارتی عدالت میں گیا۔

اِس کے بعد 1984ء میں ہندو گروہ نے رام مندر کی تعمیر کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی جس کے 3 سال بعد ایک ضلعی عدالت نے تقریباً 5 دہائیوں کے بعد بابری مسجد کے دروازےکھولنے کا حکم دے دیا اور ہندوئوں کو مسجد میں عبادت کرنے کی اجازت دے دی گئی۔جِس کے بعد مسلم گروپس نے بابری مسجد ایکشن کمیٹی تشکیل دی اور 1989ء میں اُس زمین پر مند ر کی بنیاد رکھی گئی۔

1990ء میں اُس وقت کے بی جے پی کے صدر ایل کے اڈوانی نے بابری مسجد کی جگہ پر رام مندر بنانے کے لیے حمایت حاصل کی اور وشوا ہندو پریشد (وی ایچ پی) کے رضا کاروں کے ذریعے بابری مسجد کو جزوی طور پر نقصان پہنچایا گیا۔6 دسمبر 1992ء میں ہندو کارکنوںنے بابری مسجد کو مسمار کر دیا تھا جس کے بعد بھارت میں مذہبی فسادات شروع ہوگئے تھے۔

اِس واقعے کے 10 دن بعد لبرہان کمیشن کو واقعے کی تحقیقات کے لیے تیار کیا گیااور اِس کمیشن نے اپنی انکوائری رپورٹ واقعے کے 17 سال بعد یعنی جون 2009ء میں جمع کروائی۔
ستمبر 2003ء میں بھارت کی عدالت نے فیصلہ سُنایا کہ بابری مسجد کو مسمار کرنے کے معاملے میںبی جے پی کے کچھ رہنمائوں کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے لیکن اِس فیصلے میں ایل کے ایڈوانی پر کوئی الزام عائد نہیں کیا گیا تھا جبکہ وہ اُس وقت کے نائب وزیراعظم تھے۔

اِس کے ایک سال بعد اترپردیش کی ایک عدالت نے فیصلہ دیا کہ رہنمائوں کی جانب سے مانگی جانے والی معافی پر نظرِ ثانی کرنی چاہیے۔اپریل 2002ء میںالہٰ آباد ہائی کورٹ کے لکھنؤ کے 3 ججوں کے بنچ نے بابری مسجد اور رام مندر کی جگہ کے مالک کا تعین کرنے کی سماعت شروع کی۔ستمبر 2010ء میں الہٰ آباد کورٹ نے فیصلہ سُنایا جس میں کہا گیا کہ اِس جگہ کو 3 حصوں میں تقسیم کیا جائے، جس کے بعد ہندو گروپوں اور مسلم گروپوں نے ہائی کورٹ کو چیلنج کرتے ہوئےسپریم کورٹ سے رجوع کیا۔

2011ء میں سپریم کورٹ نے الہٰ آباد ہائی کورٹ کے حکم پر کیس کی سماعت روک دی تھی اور ہائی کورٹ کا فیصلہ عجیب اور حیران کن قرار دے دیا تھا۔رواں سال کے شروع میں بھارت کی سپریم کورٹ میں 5 ججوں کے آئینی بنچ نے 6 اگست سے روزانہ اِس کیس کی سماعت شروع کی اور یہ روزانہ کی سماعت 40 دن کے بعد 16 اکتوبر کو ختم ہو گئی، جس کا آج (9 نومبر کو) فیصلہ سنایا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں