رب نوازطاہر کا بلاول بھٹوکی جانب سے یوم تاسیس کشمیریوں کیساتھ منانے کے فیصلے کاخیرمقدم

اسلام آباد(سٹیٹ ویوز) پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے ایڈیشنل سیکرٹری فنانس رب نواز طاہر نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس بار یوم تاسیس کشمیریوں کے ساتھ منانے کا اعلان کر کے کشمیریوں کے دل جیت لئے ہیں۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری 30نومبر کو یونیورسٹی گرائونڈ مظفر آباد میں پاکستان پیپلز پارٹی کے52ویں یوم تاسیس کے موقع پر ایک عظیم الشان جلسہ عام سے خطاب کر کے دونوں اطراف کے کشمیری عوام کو اہم پیغام دیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں یہاں پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی رابطہ آفس میں اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا۔

رب نواز طاہر نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد کشمیر کے مسئلے پر رکھی گئی تھی پارٹی کے بانی چیئرمین نے کہا تھا کہ کشمیریوں کی آزادی کے لیے ایک ہزار سال تک لڑیں گے،محترمہ بے نظیر بھٹو کا فرمان تھا کہ جہاں کشمیری عوام کا پسینہ گرے گا وہاں ہمارا لہو گرے گا جبکہ پیپلز پارٹی کے نوجوان قائد بلاول بھٹو زرداری نے واضح کر دیا ہے کہ کشمیر کے مسئلے کا واحد حل رائے شماری ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی یوم تاسیس کے سلسلے میں تیاریاں زور و شور سے کی جارہی ہیں۔پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے لئے یہ فخر کا مقام ہے کہ ملک بھر سے پیپلز پارٹی کے قائدین اور جیالوں کو مظفر آباد دارالحکومت میں ویلکم کریں گےاور یوم تاسیس کو شایان شان منایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں