چیف جسٹس آصف سعید نے وزیراعظم عمران خان کوتنبیہ جاری کردی

اسلام آباد(نیوزڈیسک) چیف جسٹس پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ نے وزیراعظم عمران خان کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی کو باہر جانے کی اجازت وزیراعظم نے خود دی، وزیراعظم کو اس طرح کے بیانات دینے سے خیال کرنا چاہیے۔

گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے نوازشریف کی بیرون ملک روانگی کے بعد تقریب سے خطاب میں کہا تھا کہ ملک میں طاقتور اور کمزور لوگوں کے لیے الگ الگ قانون ہے، چیف جسٹس سے درخواست ہے کہ انصاف دے کر اس ملک کو آزاد کرائیں۔

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا کہ وزیراعظم طاقت ور کا طعنہ ہمیں نہ دیں، ہمارے سامنے صرف قانون طاقتور ہے کوئی انسان نہیں، اب عدلیہ آزاد ہے، ہم نے ایک وزیراعظم کو سزا دی اور نااہل کیا، ایک آرمی چیف کا جلد فیصلہ آنے والا ہے۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم صاحب کا اعلان خوش آئند ہے مگر ہم نے امیر غریب سب کو انصاف فراہم کرنا ہے، ججز اپنے کام کو عبادت سمجھ کر کرتے، ججوں پر اعتراض کرنے والے تھوڑی احتیاط کریں، جس کیس پر وزیراعظم نے بات کی ان کو پتہ ہونا چاہیے کہ اجازت انہوں نے خود دی۔جسٹس آصف سعید کھوسہ کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم چیف ایگزیکٹو ہیں اور ہمارے منتخب نمائندے ہیں، وزیراعظم کو اس طرح کے بیانات دینے سے خیال کرنا چاہیے۔

چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ عدلیہ اپنا کام پوری دیانت داری اور فرض سمجھ کررہی ہے، ججز اور عدلیہ کی حوصلہ افزائی کریں، ہم بغیر وسائل کے کام کر رہے ہیں، جب وسائل فراہم کیے گئے تو مزید بہتر کام ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں