بلاول بھٹو نے کشمیری قوم سے محبت کا حق ادا کر دیا، پیپلز پارٹی کشمیریوں کی حقیقی نمائندہ جماعت ہے،ندیم ممتاز میر

مظفرآباد( سٹیٹ‌ویوز)بلاول بھٹو نے کشمیری قوم سے محبت کا حق ادا کر دیا، پیپلز پارٹی کشمیریوں کی حقیقی نمائندہ جماعت ہے، کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کےلیے یوم تاسیس کا مرکزی جلسہ مظفرآباد میں منعقد کروا کے شہید جمہوریت ذوالفقار علی بھٹو کے نواسے نے کشمیریوں کے دل جیت لیے۔

عوام کے جم غفیر نے جس والہانہ انداز میں اپنے قائد کا استقبال کیا اس کی مثال نہیں ملتی۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر حلقہ دو لچھراٹ کے رہنماء ندیم ممتاز میر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نےکہا کہ گھن چھتر، راجواہیاں، بانڈی فتح جنگ، ڈنہ، باہیاں اور مالدہی کے عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں-

جنہوں نے میری آواز پر لبیک کہتے ہوئے قائد لچھراٹ سید بازل علی نقوی کی ریلی میں بھرپور شرکت کی۔ کارکن پیپلز پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں، آج حکمراں جماعت نے اپنے کارکنوں کی تذلیل کا جو سلسلہ شروع کر رکھا ہے جمہوری دور میں اس کی مثال ملنا مشکل ہے۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ کارکن کو عزت دی جس کی وجہ سے عوام نے بار بار اعتماد کا ووٹ دیا۔

انہوں نے کہا کہ یوم یاسیس کے جلسے کو کامیاب بنانے کے لیے لچھراٹ کے عوام نے نمایاں کردار ادا کیا۔ سب سے بڑی اور تاریخی ریلی کے ہمراہ قائد لچھراٹ کو پنڈال پہنچانے پر کارکنان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری کی آزادی تک ہم خاموشی اور چین سے نہیں بیٹھیں گے، آئندہ دور پیپلز پارٹی کا ہو گا، شہید جمہوریٹ نے کشمیر کی آزادی کے لیے ایک ہزار سال تک جنگ لڑنے کا اعلان کیا تھا، انشاء اللہ پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں ہی کشمیریوں کو آزادی نصیب ہو گی۔

پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن نے عوام کو مایوس کیا، کشمیر میں کرفیو پر ان دونوں جماعتوں کی خاموشی معنی خیز ہے۔ کشمیر پر سودے بازی کسی بھی قیمت پر قبول نہیں کر سکتے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں