نوکیا3310اپنے دوسرے جنم میں کونسی نئی خصوصیت لا رہا ہے؟ جانیئے

نوکیا 3310 نے پہلی مرتبہ جتنی شہرت حاصل کی تھی اس سے کہیں زیادہ توجہ اسے دوسرے جنم پر مل رہی ہے۔

گزشتہ ماہ ہونے والی موبائل ورلڈ کانگریس میں نوکیا نے کئی اینڈرائیڈ اسمارٹ فون بھی متعارف کروائے لیکن نیا نوکیا 3310 سب کی توجہ کا مرکز بنا رہا۔ اس تقریب کے دوران نئے نوکیا 3310 کے حوالے سے بہت کچھ بتایا گیا تاہم چند چھوٹی مگر اہم خصوصیات نہیں بیان کی گئیں جو ہمارے خیال میں اسے خریدنے میں دلچسی رکھنے والوں کو علم ہونی چاہیے۔ اگر آپ بھی مستقبل میں نیا نوکیا 3310 خریدنا چاہتے ہیں تو ان خصوصیات کو مدنظر رکھ کر فیصلہ کریں کہ کونسا رنگ اور ماڈل آپ کے لیے زیادہ موزوں ہے۔ یہاں آپ کو بتاتے چلیں کہ اسے 52 ڈالر میں فروخت کیا جائے گا جو پاکستانی روپے میں لگ بھگ 6 ہزار روپے کی رقم بنتی ہے۔

آپریٹنگ سسٹم نئے نوکیا 3310 میں ادارے کا تیار کردہ S30 آپریٹنگ سسٹم شامل کیا گیا ہے۔ یعنی آپ اس میں اینڈرائیڈ فون والی سہولیات نہیں حاصل کرپائیں گے اور واٹس ایپ، انسٹاگرام وغیرہ سے محروم ہونا پڑے گا۔ البتہ اس نئے آپریٹنگ سسٹم کے ساتھ آپ کو نیا اسنیک گیم بھی مل رہا ہے۔ تو کیا آپ ایک مرتبہ پھر اسنیک کو مکمل کرنے کی کوشش کریں گے؟ سم کی تعداد پرانے 3310 میں صرف ایک ہی سم لگائی جاسکتی تھی لیکن نوکیا نے اب ایک اور دو سم والے ماڈلز پیش کیے ہیں۔
اپنی ضرورت کے مطابق ایک سم والا موبائل بھی خرید سکتے ہیں اور چاہیں تو دو سم والا 3310 بھی حاصل کرسکتے ہیں۔ حیرت انگیز امر یہ ہے کہ اس بارے میں نوکیا نے سرے سے بتایا ہی نہیں کہ وہ ایسا کیوں کر رہا ہے بس ان کی ویب سائٹ پر موجود تعارف بھی یہ بات شامل ہے۔ میموری کارڈ جی ہاں، نوکیا نے نئے 3310 میں مائیکرو ایس ڈی سلاٹ بھی شامل کی ہے جس سے آپ موبائل میں میموری کارڈ بھی لگا سکتے ہیں۔ یوں آپ 3310 کے 2-میگا پکسل کیمرے سے لی گئی کافی تصاویر اپنے پاس محفوظ بھی کرسکتے ہیں اور انہیں دیگر ڈیوائسز پر باآسانی منتقل بھی کرسکتے ہیں۔