دنیا میں سب سے زیادہ زبانیں کہاں بولی جاتی ہیں؟ پڑھیے اس رپورٹ میں

نیویارک:( مانیٹرنگ ڈیسک) ایک تحقیق کے مطابق یہ بات منظر عام پر آئی ہے کہ دنیا میں سب سے زیادہ زبانیں نیویارک سٹی کے علاقے کوینز میں بولی جاتی ہیں جن کی تعداد ایک دو درجن نہیں بلکہ تقریباً 800 ہے۔

ربیکا سولنٹ اور جوشوا جیلی شاپیرو کی شائع کردہ ’’نان اسٹاپ میٹروپولس: اے نیویارک سٹی اٹلس‘‘ میں منفرد انداز سے جائزہ لے کر بتایا گیا ہے کہ نیویارک سٹی میں دنیا بھر سے آئے ہوئے مختلف رنگ و نسل کے لوگ آباد ہیں اور یہ کہ وہاں کتنی زبانیں بولی جاتی ہیں۔ اٹلس سے معلوم ہوتا ہے کہ نیویارک سٹی کے علاقے کوینز میں بولی جانے والی زبانوں کی تعداد سب سے زیادہ یعنی تقریباً 800 ہے۔

کوینز میں جو زبان جتنی زیادہ بولی جاتی ہے نقشے پر اسے اتنا ہی زیادہ بڑا اور نمایاں کرکے دکھایا گیا ہے۔ دلچسپی کی بات یہ ہے کہ اس نقشے پر نمایاں ترین زبانوں میں انگریزی اور چینی کے ساتھ اردو بھی موجود ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ اردو بولنے اور سمجھنے والوں کی تعداد یہاں بھی کچھ کم نہیں۔
یونانی، فلپائنی، انڈونیشیائی، روسی اور جاپانی جیسی بڑی زبانوں کے علاوہ یہاں ایسی زبانیں بھی بولی جاتی ہیں جن سے بہت کم لوگ واقف ہیں مثلاً چاواکانو، وارے وارے، مینانگوباؤ اور بخاریان وغیرہ۔