خدیجہ زرین نے کنفلکٹ زون میں‌صحافت کے کردارکوبنیادی اہمیت کاحامل قراردیدیا

مظفرآباد(نیوزڈیسک)سدھن ایجوکیشن کانفرنس آزادکشمیر کے خواتین ونگ کی چئیرپرسن اور معروف سماجی شخصیت محترمہ خدیجہ زرین نے سنٹرل پریس کلب مظفرآباد کے نومنتخب عہدیداران کے اعزاز میں صحافی سید خالد گردیزی اور خواجہ کاشف میر کی طرف سے منعقدہ عشائیے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شعبہ صحافت نے ہر دور میں جموں کشمیر کے عوام کے مسایل کو اجاگر کیا اور اس خطے نے بین الاقوامی سطح کے نامور صحافی پیدا کیے۔ پریس کلب کی نو منتخب باڈی کی ذمہ داری ہے کہ ریاست کی تمام منقسم اکائیوں کی نمائندگی کا بھرپور حق ادا کرے۔

سنٹرل پریس کلب کے صدر سجاد قیوم میر ،ایڈیشنل سیکرٹری جنرل ثاقب علی حیدری،جوائینٹ سیکرٹری راجہ اعجاز، سیکرٹری مالیات،محمد انصر صدیق خواجہ، سیکرٹری اطلاعات اذکار نقوی کے علاوہ اے کے این ایس کے صدر خواجہ سرفراز، سینئر صحافی عبدالواجد خان ، وائی جے ایف کے صدر سردار نعیم چغتائی، سینئر صحافی امتیاز مغل، ایوارڈ یافتہ ویڈیو جرنلسٹ ایم ڈی مغل، نوجوان مقرر حسیب، ہشام و دیگر نے شرکت کی۔

خدیجہ زرین نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس کنفلکٹ زون میں شعبہ صحافت کا کردار انتہائی اہم ہے اور سنٹرل پریس کلب نے اس کردار کو ہمیشہ بخوبی نبھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تنازعہ جموں کشمیر ایک بین الاقوامی حل طلب انسانی مسلہ ہے۔ ہندوستان کبھی بھی کشمیریوں کو طاقت کے زور پر مغلوب نہیں بنا سکتا۔

خدیجہ زرین نے کہا کہ لاین آف کنٹرول کے دونوں اطراف بھارت سفاکیت کا مظاہرہ کر کے کشمیریوں پر ظلم کر رہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بہادر کشمیریوں نے آزادی کیلیے لاکھوں جانوں کی قربانیاں دی ہیں جبکہ لاین آف کنٹرول پر بھارتی فورسز شہری آبادی پر گولہ باری کرتے ہوئے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے جانی و مالی نقصان کر رہی ہیں جبکہ پاک فوج کشمیریوں کی محافظ اور معاون ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان اپنے آئین میں ایک ترمیم کرے یا ایک ہزار ترامیم کرتے ہوئے اس خطے کو اپنے ساتھ شامل کرنے کی کوششیں کرتا رہے لیکن کشمیری کبھی بھی ہندوستان کے ساتھ نہیں رہیں گے بلکہ اپنی منزل یعنی پاکستان کا حصہ بن کر دکھائیں گے۔

خدیجہ زرین نے کہا کہ پاکستانی قوم اور افواج پاکستان کشمیریوں کی ہمیشہ سے پشت پر کھڑی رہی ہیں اور ہمارے جوانوں نے ہر مشکل آزمایش میں ملک و قوم کو فتح یاب کیا ہے۔ خدیجہ زرین نے بھارتی آرمی چیف کے آزادکشمیر پر حملہ کرنے کے بیان پر کہا کہ یہ آزاد خطہ ہمارے آباو اجداد نے خود اپنے وسایل اور قوت بازو پر لڑ کر حاصل کیا ہے اسکی حفاظت کرنا یہاں کے لوگوں کو اور ہماری مسلح افواج کو اچھی طرح کرنا آتی ہے۔

سنٹرل پریس کلب کے نو منتخب صدر سجاد قیوم میر نے کہا کہ وہ سابق صدر طارق نقاش کے نقش قدم پر چلتے ہوئے کلب کے وقار کو مزید بڑھانے کی کوشش کریں گے۔ سجاد میر نے تمام عہدیداران کی طرف سے اس تقریب کے اہتمام پر شکریہ بھی ادا کیا۔ سجاد میر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ریاست کے سب سے بڑے پریس کلب کو ایک ماڈل ادارہ بنانے کی مزید کاوشیں کریں گے۔ تقریب کے اختتام پر سدھن ایجوکیشنل کانفرنس ویمن ونگ کی چئیرپرسن خدیجہ زرین نے نو منتخب عہدیداران کو تحایف بھی دئیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں