بھارتی گلوکار کی پاکستان آمد، مہمان نوازی پر شکر گزار

اسلام آباد(نیوزڈیسک)بھارتی پنجابی گلوکار و اداکار روپندر سنگھ گِپی گریوال نے گردوارا ننکانہ صاحب حاضری دی اور پاکستانیوں کی بہترین مہمان نوازی پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ایپلیکیشن (ایپ) ٹوئٹر پر شیئر کیے گئے ایک پیغام میں انہوں نے ننکانہ صاحب میں موجودگی کی تصاویر شیئر کی ہیں اور تحریر کیا ہے کہ میں بہت خوش نصیب ہوں جو ننکانہ صاحب آیا، وزیراعظم عمران خان، زلفی بخاری آپ کا بہت شکریہ

معروف اداکار و گلوکار جو کہ ان دنوں اپنے دوستوں کے ہمراہ نجی دورے پر پاکستان آئے ہیں کی ایک ویڈیو بھی وائرل ہوئی ہے جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ انہیں پاکستان اور ننکانہ صاحب آکر بہت اچھا محسوس ہو رہا ہے، یہاں پر میں جھ سے بھی ملا ہوں وہ سب بہت اچھے لوگ ہیں، بالکل بھائیوں کی طرح۔

انہوں نے مزید کہا کہ کرتارپور راہداری کھولنے پر وزیراعظم عمران خان کا بہت شکر گزار ہوں انہوں نے اس اقدام سے دنیا بھر کے سکھوں کے دل جیت لیے ہیں۔

گپی گریوال نے کہا کہ پاکستان آئے زیادہ وقت نہیں بیتا مگر جو پیار اور عزت یہاں ملا ہے اس کی وجہ سے یہاں گزارا ہر لمحہ یادگار بن گیا ہے۔

خیال رہے کہ گپی گریوال اور ان کے دوستوں کی واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان آمد کے موقع پر سرکاری حکام نے ان کا ستقبال کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں