فرنٹ لائن مجاہد:ڈپٹی کمشنر بدر منیر

تحریر:بنت شبیر
آزادجموں وکشمیر کی سول سروسز میں ہزارو ں لوگ آئے اور چلے گئے لیکن عوام کے دلوں پر نقو ش انہوں نے ہی چھوڑے جنہوں نے خلق خداکی خدمت اور دیانتداری کو اپنا شعار بنایا۔ ڈپٹی کمشنر مظفرآباد بدر منیر اپنی ہمہ جہت صلاحیتوں اور اوصاف کی بنیاد پر ایک مکمل شخصیت ہیں جن کی شخصیت اعلیٰ انتظامی صلاحیتوں، بلند اخلاق، علم وادب جیسی صفات سے متصف ہے۔

بدر منیر 24 جون 1975 کو پیدا ہوئے، ابتدائی تعلیم گن چھتر سے حاصل کی، ایم اے انگریزی اور ایل ایل بی کیا اور اپنی سروس کا آغاز محکمہ تعلیم سے کیا۔ پہلے انگریزی کے لیکچرر کی حیثیت سے فرائض انجام دیے اور ایک کامیاب، مثالی اور ویڑنری استاد کے طور پر علاقے میں علم کی شمع کو فروزاں کئے رہے۔ ایک نسل کی رگوں میں آج بھی ان کی جلائی ہوئی شمع کی تاثیر فروزاں ہے اورعوام انہیں منفرد اسلوب کے ایک مثالی استاد کے طور پر یاد کرتی ہے۔

ازاں بعد ڈپٹی کمشنر بدر منیر نے پبلک سروس کے مقابلوں میں قسمت آزمائی کی اور امتیازی نمبرات کے ساتھ یہ امتحان پاس کیا جہاں سے انہوں نے نئی منزلوں کی طرف سفر کا آغاز کیا اورکئی اہم عہدوں پر فائز رہے۔اعلیٰ انتظامی صلاحیتوں، دیانتداری، فرض شناسی اور عوامی خدمت کی نئی روایات قائم کیں جس شعبے میں بھی گئے اسے نیا اعتبار اور تشخص عطا کیا۔

بدرمنیر کا مظفرآباد کے نواحی علاقے گھن چھترسے تعلق ہے۔قبل ازیں وہ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کے ساتھ تقریباً ڈیڑھ سال سے زائد عرصہ پرنسپل سٹاف آفیسر کے فرائض سر انجام دیتے رہے ہیں اسی طرح گزشتہ دور حکومت میں سابق وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبد المجید کے ساتھ بھی ایک سال سے زائد عرصہ تک بطور پی ایس او رفاقت رہی خدادا صلاحیتوں کے مالک، نرم مزاجی، شائستگی، اعلی اوصاف، اور مکمل طور پر اپنے کام میں مہارت رکھنے کی بناء پر 21 دسمبر2018 کو بدر منیر کو ڈپٹی کمشنر مظفرآباد تعینات کیا گیا۔

اپنی تعیناتی کے دوران مظفرآباد شہر کی بہتری کے لیے اہم فیصلے بھی کیے جن میں نمایاں طور پر امن و امان کی بحالی، سرکاری ارضیات کا تحفظ، سرکاری و نیم سرکاری داروں سے باہمی تعلق، مفاد عامہ کے لیے بہتر فیصلوں سمیت اہم امور لینڈ ریکارڈ کی کمپیوٹررایزیشن، ڈومیسائل کے لیے ون ونڈو آپریشن، پٹواریوں کی مستقل مکانیت، ڈومیسائل اور پشتی سرٹیفکیٹ کا بروقت حصول، ڈومیسائل کی فیسسز میں کمی، سبزی منڈی کے لیے شیڈ کی منظوری اور پی سی ون میں شمولیت،2005 سے تاحال جاری شدہ جملہ پشتی اور ڈومیسائل سرٹیفکیٹ کی کمپیوٹررایزیشن کے لیے فنڈز کی منظوری، سمیت اہم امور ان کی کارکردگی کی فہرست میں شامل ہیں۔

بدر منیر جہاں بھی گئے ایک ہر دلعزیز، متاثرکن اور سحر انگیز شخصیت کے طور پر اپنا ایک لازوال تاثر قائم کیا۔ ایک سیلف میڈ انسان ہیں جن کی زندگی اور کامیابیوں میں نئی نسل کیلئے سیکھنے کا بہت ساماں ہے۔ موجودہ صورتحال میں جب پوری دنیا کرونا جیسی وباء سے نمٹ رہی ہے بدرمنیر ہمیشہ عوام کی خدمت میں پیش پیش مظفرآباد کے مختلف علاقوں میں عوام کو سہولیات اور حکومتی اقدامات کا جائزہ لیتے نظرآتے ہیں۔ پروٹوکول کی پرواہ کیے بغیر بدر منیر مظفرآباد کی شاہراؤں پر نظرآتے ہیں۔

کرونا کی عالمی وباءکا پھیلاؤ جب پاکستان کے بعد آزاد کشمیر سمیت مظفرآباد میں داخل ہوا تو حکومتی پالیسی کے تحت آزاد کشمیر بھر میں تین ہفتوں کے لیے مکمل لاک ڈوان لگا دیا گیا اس دوران جہان حکومتی ایس او پیز پر عملدرآمد کروانا ایک چیلینج تھا وہی ہزاروں افراد کے بے روزگار ہونے پر ان کی دہلیز پر انھیں اشیاء خوردونوش کی فراہمی بھی ایک بڑا مسلہ تھا جس کو بدر منیر نے بطور ڈپٹی کمشنر بڑی فہم و فراست سے پایا تکمیل تک پہنچایا اس سلسلے میں مخیر حضرات کے تعاون سے اپنی ٹیم کے ہمراہ تقریباً 500 سے زائد فیملیز میں امدای سامان بھی تقسیم کیا۔

اسی تسلسل میں جب وفاق کی جانب سے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کا آغاز ہوا تو نادار افراد کا ڈیٹا مکمل شفافیت کے ساتھ جمع کرنا ایک چیلنچ تھا جس کی نگرانی کرتے ہوئے خود فیلڈ میں ماتحت عملے کے ساتھ کام بھی کیا اور شفافیت کو یقینی بھی بنایا اور جہاں کہیں سقم ہوا اس کو فوری طور پر ازالہ بھی کیا لاک ڈاؤن حکومت کی جانب سے ضلع بھر میں جاری ہے شہر کے اندر لاک ڈاؤن کی ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے تاحال کوشان ہیں۔بدر منیر کی مظفرآباد تعیناتی کے بعد عوام بھی ان کی کارکردگی سے مطمئن نظر آتے ہیں۔

عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے بدر منیر صاحب کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔ اس وقت مظفرآباد کی سول سوسائٹی، میڈیا، وکلاء،تاجر اور تمام مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد ڈپٹی کمشنر بدرمنیر کی صلاحیتوں کے معترف ہیں اور ان پر بھرپور اعتماد کرتے ہیں۔

یہ ان کی ہمدرد شخصیت کا کمال ہے کہ مظفرآباد کی عوام ان پر بھرپور اعتماد کرتی ہے کیونکہ بد رمنیر صاحب سرکاری امور سے بالا تر ہو کر عام لوگوں کی ہر لحاظ سے مد د کر رہے ہیں۔ آزادکشمیر میں ایسے باصلاحیت آفیسران کی اشد ضرورت ہے جو خدمت خلق اور دکھی انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنا کر عوام کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کا باعث بنتے ہیں۔ بدر منیر ضلعی انتظامیہ کی سربراہی ایک فرنٹ لائن مجاہد کی طرح کر رہے ہیں اور ہماری ستائش کے مستحق ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں