ڈپٹی کمشنر میرپور غیر قانونی اور غیر رجسٹرڈ میڈیا کے خلاف کاروائی کیلیے حرکت میں آگئے

میرپور(سٹاف رپورٹر/سٹیٹ ویوز) ڈپٹی کمشنرراجہ طاہرممتاز خان نے معززعدالت العالیہ آزادجموں و کشمیر و چیئرمین پریس فاؤنڈیشن کے فیصلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے ضلع میرپور میں غیر قانونی، غیر رجسٹرڈ اخبارات وجرائد،ٹی وی چینلز، ایف ایم ریڈیوکے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔

اس بات کافیصلہ آج ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقدہ اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل راجہ قیصراورنگزیب خان، اسسٹنٹ کمشنر منیر احمد قریشی اورانفارمیشن آفیسر محمد جاوید ملک بھی موجود تھے۔

اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ معزز عدالت عالیہ آزاد جموں و کشمیر و جناب چیئرمین پریس فاؤنڈیشن کے فیصلہ کی روشنی میں آزادکشمیر بھر میں غیرقانونی اخبارات وجرائد،ٹیلی ویژن چینلز، ایف ایم ریڈیو کو بند کرنے کی ہدایات دے رکھی ہیں جس پرعملدرآمد کے سلسلہ میں ضلع میرپور میں تمام غیر قانونی، غیر رجسٹرڈ اور بغیرلائسنس کے جملہ اخبارات وجرائد،ٹی وی چینلز، ایف ایم ریڈیوبھی بند کر دیئے جائیں گے۔

ڈپٹی کمشنرراجہ طاہرممتاز خان نے ہدایت کی کہ ضلع بھر میں تمام غیر قانونی اخبارات،جرائد،ٹی وی چینلز، ایف ایم ریڈیوکوبند کردیاجائے اور اس سلسلہ میں کسی سے بھی کوئی رعایت نہ برتی جائے۔ انھوں نے کہاکہ صحافت ایک مقدس پیشہ ہے۔ شعبہ صحافت سے وابستہ اور اخبارات وجرائد کی ڈیکلریشن کے حامل افراد قابل عزت ہیں تاہم ایسے افراد جن کے پاس نہ تو کوئی ڈیکلریشن اور نہ ہی کسی چینل یا ریڈیو کا لائسنس ہے انھیں کسی صورت بھی قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اشاعت و نشریات کی اجازت نہیں ہوگی۔

صحافت کے نام پرکیبل چینلز، ویب چینلز، فیس بک اکاونٹس، فیس بک پیجز، واٹس ایپ گروپس، ٹیوٹر و یو ٹیوب چینلز وغیرہ کے ذریعے من گھڑت اور بے بنیاد خبروں کی تشہیر کے خلاف نیشنل ایکشن پلان کے تحت عملدرآمد کروایا جائے گا۔

اجلاس میں ایسے تمام غیرقانونی اخبارات، جرائد، ٹی وی چینلز، ایف ایم ریڈیو کی انتظامیہ و مالکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طورپراز خود اپنی غیرقانونی نشریات اور دفاتربند کردیں بصورت دیگر ان کے دفاتراور نشریات جاری کرنے پرضابطہ کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں