پی سی بی کا خواتین کرکٹرز کیلئے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان

اسلام آباد(نیوزڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سیزن 21-2020 کے لیے خواتین کرکٹرز کے نئے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کردیا ہے۔

پی سی بی سے جاری بیان کے مطابق یکم جولائی 2020 سے نافذ العمل سینٹرل کنٹریکٹ میں اسپنر انعم امین اور بلے باز عمیمہ سہیل سمیت 9 کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔نئے کنٹریکٹ میں بین الاقوامی سطح پر شان دار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کھلاڑیوں بسمہ معروف، جویریہ خان اور ڈیانا بیگ کی ترقی ہوئی ہے۔

پی سی بی کے مطابق سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل تمام کٹیگریوں کے معاوضوں میں اضافہ کردیا گیا ہے۔کٹیگری ‘اے’ میں شامل کھلاڑیوں کی ماہانہ آمدن میں 33 فیصد، ‘بی’ میں 30 جبکہ ‘سی’ میں 25 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔پی سی بی نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی نوجوان کرکٹرز کی کارکردگی کو سراہنے اور انہیں کھیل کی طرف مزید راغب کرنے کے لیے ایک نئی کٹیگری متعارف کروا دی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ایمرجنگ کٹیگری میں 16 سالہ سیدہ عروب شاہ، 15 سالہ عائشہ نسیم، منیبہ علی، فاطمہ ثنا، کائنات حفیظ، نجیہ علوی، رامین شمیم، صبا نذیر اور سعدیہ اقبال شامل ہیں۔

پی سی بی نے ڈومیسٹک مقابلوں میں میچ فیس اور انعامی رقم میں 100 فیصد، ڈومیسٹک ڈیلی الاؤنس میں 50 فیصد اضافے کا اعلان بھی کیا ہے۔پی سی بی نے بسمہ معروف کو سیزن 20-2021 کے لیے کپتان برقرار رکھنے جبکہ ہیڈ کوچ اقبال امام کے کنٹریکٹ میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اقبال امام کی خدمات کو واپس ہائی پرفارمنس سیٹ اپ کے حوالے کرکے نئے کوچ کے لیے اشتہار دیا جائے گا۔

سنٹرل کنٹریکٹ برائے 21-2020
کٹیگری اے: بسمہ معروف، جویریہ خان
کٹیگری بی: عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ اور سدرہ نواز
کٹیگری سی: انعم امین، ناہیدہ خان، عمیمہ سہیل اور ندا ڈار
ایمرجنگ کنٹریکٹ لسٹ: سیدہ عروب شاہ، عائشہ نسیم، منیبہ علی ، فاطمہ ثنا، کائنات حفیظ، نجیہ علوی، رامین شمیم، صباء نذیراور سعدیہ اقبال

قومی خواتین کرکٹ کی چیف سلیکٹر عروج ممتاز کا کہنا تھا کہ سلیکشن کمیٹی کی جانب سے سینٹرل کنٹریکٹ حاصل کرنے والی کھلاڑیوں کو مبارک باد پیش کرتی ہوں۔انہوں نے کہا کہ سینٹرل کنٹریکٹ کے اعلان سے قبل سلیکشن کمیٹی نے ایک طویل مشاورت کی، جہاں کھلاڑیوں کی گزشتہ 12 ماہ کے دوران کارکردگی اور فٹنس کا جائزہ لیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں