wedding

شادی خواتین سے زیادہ مردوں کے لیے فائدہ مند

نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک)یوں تو تنہا زندگی گزارنے کی نسبت ازدواجی رشتے میں بندھنا بہت سے طبی مسائل اور ذہنی و نفسیاتی پیچیدگیوں سے چھٹکارہ دلا سکتا ہے، تاہم حال ہی میں ایک تحقیق میں انکشاف ہوا کہ شادی خواتین کی نسبت مردوں کے لیے زیادہ فائدہ مند ہے۔

یونیورسٹی کالج لندن میں کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق غیر شادی شدہ مرد، غیر شادی شدہ خواتین کی نسبت زیادہ طبی مسائل کا شکار ہوسکتے ہیں۔

اس تحقیق کے لیے انگلینڈ، اسکاٹ لینڈ اور ویلز کے 10 ہزار سے زائد افراد کا تجزیہ کیا گیا۔ ماہرین نے دیکھا کہ غیر شادی شدہ یا طلاق یافتہ مرد دل کے امراض کا زیادہ شکار بنے۔ اس کی نسبت سنگل خواتین میں یہ شرح بہت کم دیکھی گئی۔

ماہرین نفسیات کا کہنا ہے کہ اس کی وجہ دونوں کے رویوں اور مزاج کا فرق ہے۔

خواتین عموماً دوست بناتی ہیں اور ان سے گفت وشنید کرتی رہتی ہیں۔ وہ اپنی زندگی میں موجود تمام مسائل اور محرومیوں کا تذکرہ ایک دوسرے سے کرتی رہتی ہیں جس کے باعث وہ دماغی طور پر پرسکون رہتی ہیں۔اس کے برعکس مرد حضرات کم دوست بناتے ہیں، یا وہ دوستوں سے اپنی ذاتی باتیں اور خیالات و احساسات شیئر نہیں کرتے جس کی وجہ سے وہ مختلف طبی امراض اور ذہنی مسائل کا شکار ہوجاتے ہیں۔

اس سے قبل بھی کئی تحقیقوں میں ثابت کیا جا چکا ہے کہ ایک خوشگوار ازدواجی تعلق نہ صرف ذہنی و نفسیاتی الجھنوں سے بچاتا ہے بلکہ صحت پر بھی مفید اثرات مرتب کرتا ہے۔