پی آئی ڈی آزادکشمیرکی ویب سائٹ پربھارتی ہیکرزکاحملہ

مظفرآباد(سٹیٹ ویوز)ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ/اطلاعات آزادکشمیر راجہ اظہر اقبال نے کہا ہے کہ ہندوستانی میڈیا کا محکمہ اطلاعات کی آ فیشنل ویب سائیٹ کے حوالہ سے پروپیگنڈہ انتہائی اوچھی حرکت اور اسکی بوکھلاہٹ کا واضح ثبوت ہے۔ کشمیری وطن عزیز پاکستان کی سلامتی اور بقاء کی علامت ہیں۔ آزادکشمیر کے لوگ دل جان سے پاکستان کے ساتھ ہیں اور اپنے آپ کو پاکستانی سمجھنے میں فخر محسوس کرتے ہیں۔ ہندوستان کی کوئی بھی سازش کشمیری قوم کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ ہندوستانی میڈیا منفی پروپیگنڈے سے دنیا کی نظریں مقبوضہ کشمیر کے اندر زور پکڑتی آزادی کی تحریک سے ہٹانا چاہتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز ہندوستانی میڈیا کے محکمہ اطلاعات کے ویب سائیٹ کے حوالہ سے کیے جانے والے پروپیگنڈے پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات کی ویب سائیٹ کے حوالے سے بھارتی میڈیا کا پروپیگنڈہ دنیا کی نظری مسئلہ کشمیر سے ہٹانے کی ناکام کوشش ہے۔ محکمہ کی ویب سائیٹ www.pid.gok.pk جو کہ ہیک ہوئی تھی اور بعد ازاں محکمہ نے اسے عارضی طور پر ریکور ی کے لیے بند کر رکھا ہے کا حوالہ دیتے ہوئے ہندوستانی میڈیا نے پروپیگنڈہ شروع کر رکھا ہے۔ ویب سائیٹ چونکہ ہیک ہو چکی تھی اور ہیکر ز نے اس کے Content تبدیل کر دیے تھے جس کی وجہ سے محکمہ اطلاعات و آئی ٹی ٹیم نے فوری طور پر ویب سائیٹ بند کرتے ہوئے اس کی ریکوری کا کام شروع کر دیا ہے۔ ویب سائیٹ ہیک ہونے کے حوالہ سے قبل ازیں محکمہ نے پریس ریلیز بھی جاری کر رکھی ہے۔ کشمیر کا الحاق پاکستان کی جنگ لڑرہے ہیں ایسے وقت میں جب تحریک آزاد ی کشمیر فیصلہ کن مرحلہ پر ہے ہندوستان بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر کشمیر کو وطن عزیز پاکستان کے خلاف کرنے اور دنیا کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔ پاکستان کشمیر یوں کی منزل ہے اور ہندوستان کی کوئی سازش کشمیریوں کو اپنی منزل سے دور نہیں کر سکتی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں