راجہ منصورنے مون سون بارشوں میں حکومتی اقدامات کے حوالے سے سوال اٹھادئیے

مظفرآباد(نیوزڈیسک)پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل راجہ منصور نے کہا ہے کہ مون سون کی بارشو ں نے دارالحکومت کے اندر حکومتی اداروں کی کارکردگی کا پول کھول دیا ہے۔اس وقت پورا شہر گندگی اور غلاظت کے ڈھیر میں تبدیل ہوچکا ہے۔شہر کی جملہ سڑکات،بالخصوص گلیاں،لنک روڈ کھنڈرات میں بدل چکی ہیں۔جس کے باعث شہریان مظفرآباد کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

میڈیا نمائندگان سے گفتگو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ ا س وقت دارالحکومت فلتھ ڈپومیں تبدیل ہوچکا ہے۔ہر طرف گندگی،غلاظت اور کیچڑ کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں۔تعمیر وترقی کے بلند دعوے کرنے والوں کو مون سون کی بارشو ں نے بے نقاب کردیا ہے۔مون سون کی بارشوں شہر میں رابطہ سڑکات،گلیاں،لنک روڈ اکھیڑ دی ہیں اور شہر کے گلی محلوں میں پیدل چلنا محال ہوگیا ہے۔رہی سہی کسر ناقص سیوریج سسٹم نے پوری کردی ہے۔اس وقت پورے شہر میں گٹر ابل رہے ہیں،گلی محلوں کی نالیاں تو در کنار شہر کی مین روڈ کی نالیاں گندگی اور غلاظت سے بھری پڑی ہیں۔تعمیر وترقی کے دعوے کرنے والے مین شاہرات کی نالیوں کودیکھ کر ہی شرم محسوس کرلیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی اور شہری اداروں کی ناقص کارکردگی اور لوٹ مار کے با عث شہر کے دارالحکومت کے بجائے لیاری کا منظر پیش کررہا ہے۔مظفرآباد شہر کی موجودہ حالت تعمیر وترقی کے دعوے پر زور دار طمانچہ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں