پاک وطن کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے ہر قربانی دینے کیلئے تیار ہیں، سردار تنویر الیاس کا راولپنڈی میں خطاب

راولپنڈی(سٹیٹ ویوز)چئیرمن پنجاب سرمایہ کاری بورڈ سردار تنویر الیاس خان کی راولپنڈی چیمبر آف کامرس کی یوم آزادی کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن ریٹائرڈ انوار الحق بھی موجود تھے۔سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ میں راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے عہدے داروں ، تاجر برداری اور ڈپٹی کمشنر راولپنڈی اور پوری ضلعی انتطامیہ کو یوم آزادی کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

چئیرمن پنجاب سرمایہ کاری بورڈ سردار تنویر الیاس خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی کرونا وبا سے نمٹنے کی بہتر پالیسیوں کی وجہ سے ہی ممکن ہوا کہ آج لاک ڈاؤن کے بعد ہم یوم آزادی کا دن ایس او پیز کا خیال رکھتے ہوئے آزادی سے منا رہے ہیں۔ انھوں نے چیمبر آف کامرس کے ممبران اور ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو لاک ڈاؤن کے دنوں میں ایک دوسرے کا ساتھ دینے اور عوام کو کرونا وائرس سے محفوظ رکھنے کے لیے کی جانے والی کاوشوں پر مبارکباد پیش کی۔

انھوں نے کہا کہ ہم تاریخ کے مشکل دور سے گزر رہے ہیں اور تاریخ گواہ ہے کہ وہی قومیں آگے بڑھتی اور ترقی کرتی ہیں جو اتحاد،محنت اور محبت کا اظہار کرتی ہیں۔ سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ یہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار،ضلعی انتظامیہ اور تمام تاجروں کی کاوشوں کا ثمر ہے کہ آج ہم پورے جوش و خروش کے ساتھ یوم آزادی کا دن منا رہے ہیں۔ اور میرے خیال میں جو ہم سب پاکستان کی خدمت کرنے بات کرتے ہیں دراصل عوام کی خدمت ہی پاکستان کی خدمت ہے۔اس بات کا ادراک تو سب کو ہی ہے کہ اس وطن کو حاصل کرنے کے لیے کتنی قربانیاں پیش کی گئی پھر ہمیں یہ وطن حاصل ہوا ۔

سردار تنویر نے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر ہم اپنے کشمیری بھائیوں کو بالکل فراموش نہیں کر سکتے۔ انشاللہ وہ دن دور نہیں جب کشمیر پاکستان کا حصہ ہو گا ۔اس موقع پر راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے گروپ لیڈر سہیل الطاف، صدر چیمبر آف کامرس صبور ملک، سنئیر صحافی ڈاکٹر عبدالودود قریشی اور چیمبر کے سابق صدور اور ممبران بھی موجود تھے۔

چئیرمن پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ اس مسرت موقع پر ہم سب عہد کریں کہ اس پاک وطن کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے اپنی اپنی ذمہ داری کو خوب نبھائیں گے اور پاکستان کے تحفظ اور سلامتی کے لیے ہر قسم کی قربانی کے لیے تیار رہیں گے۔


تقریب میں ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کییپٹن (ر) انوارلحق گروپ لیڈر راولپنڈی چیمبر آف کامرس سہیل الطاف، صدر راولپنڈی چیمبر آف کامرس صبور ملک کے علاوہ اہم کاروباری و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں