اسلام آباد(ویب ڈیسک) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیکرز نے کئی گھنٹوں تک ہیک کیے رکھا ، اس دوران اس اکاؤنٹ کے ذریعے متعدد ٹویٹس کی گئیں اور لوگوں سے ایک امدادی فنڈ میں ’کرپٹو کرنسی‘ عطیہ کرنے کی درخواست کی گئی ، تاہم ٹوئٹر انتظامیہ کی جانب سے اس صورتحال میں ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ انڈین وزیرِ اعظم نریندر مودی کی ذاتی ویب سائٹ کے لیے بنایا گیا ایک ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک کر لیا گیا تھا، تاہم اب یہ بحال ہو چکا ہے۔
ٹوئٹر نے بیان میں کہا ہے کہ یہ معاملہ اُن کے علم میں ہے اور انھوں نے اس اکاؤنٹ کو محفوظ بنانے کے لیے اقدامات اٹھائے ہیں۔یہ ٹوئٹر پر ہیکرز کے بااثر اکاؤنٹس کی ہیکنگ کا تازہ ترین واقعہ ہے۔ اس سے قبل جولائی میں امریکی صدارتی امیدوار جو بائیڈن اور ٹیسلا کے بانی ایلون مسک اور مائیکرو سافٹ کے بانی بِل گیٹس سمیت دیگر شخصیات کے اکاؤنٹس ہیک کیے گئے تھے اور ان کے ذریعے بھی کرپٹوکرنسی کے متعلق ایک جعلی سکیم کی تفصیلات پوسٹ کی گئی تھیں۔
واضح رہے کہ انڈیا کے وزیرِ اعظم سے منسلک جو اکاؤنٹ ہیک کیا گیا وہ ان کی ذاتی ویب سائٹ کا تصدیق شدہ ٹوئٹر ہینڈل ہے اور اس کے 25 لاکھ فالوورز ہیں۔نریندر مودی کا ذاتی ٹوئٹر اکاؤنٹ اس حملے کے دوران محفوظ رہا، اس اکاؤنٹ کے چھ کروڑ 10 لاکھ سے زیادہ فالوورز ہیں۔تاہم اس اکاؤنٹ کو ہیک کیے جانے کے بعد اس اکاؤنٹ سے کی جانے والی متعدد ٹویٹس کو اب ہٹا دیا گیا ہے جن میں وزیرِ اعظم کے ریلیف فنڈ میں کرپٹوکرنسی عطیہ کرنے کی درخواست کی گئی تھی