شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس، مسئلہ کشمیر پر بحث سے قبل بھارتی مشیرقومی سلامتی اجیت دوول اجلاس سے بھاگ نکلے

بیجنگ(مانیٹرنگ ڈیسک)شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس میں بھارتی قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول مقبوضہ کشمیر پر پاکستان کا مؤقف سننے سے پہلے ہی بھاگ نکلے۔

ٹوئٹر پر جاری بیان میں مشیر برائے قومی سلامتی معید یوسف نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم میں قومی سلامتی کے مشیروں کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی میرے لیے اعزاز ہے۔


انہوں نے کہا کہ میں نے اجلاس میں خطے میں امن کے لیے پاکستان کےعزم کو اجاگر کیا۔معید یوسف کا کہنا تھا کہ پاکستان امن و استحکام اور اقتصادی تحفظ کے حصول کیلئے شنگھائی تعاون تنظیم کے ممبران کے ساتھ کام کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

معید یوسف نے کہا کہ میں نے اجلاس میں بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازع علاقے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی یکطرفہ اور غیر قانونی کارروائیوں سے خطے کے امن اور استحکام کو لاحق خطرات کو اجاگر کیا۔


انہوں نے مزید کہا کہ میں نے اجلاس کے شرکا کو افغان سربراہی میں امن عمل کے ذریعے افغانستان میں قیام امن کے پاکستان کے پختہ عزم سے بھی آگاہ کیا۔مشیر قومی سلامتی کا کہنا تھا کہ میرے بھارتی ہم منصب اجیت دوول پاکستان اور روس کی تقریر سننے سے پہلے اجلاس سے نکل گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں