نواز شریف نے ویڈیو لنک کے ذریعے اے پی سی میں شرکت کی دعوت قبول کرلی

لاہور(سٹاف رپورٹر) سابق وزیر اعظم نواز شریف نے اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی دعوت قبول کرلی ہے۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان مصطفی نواز کھوکھر نے تصدیق کی ہے کہ نواز شریف نے دعوت قبول کر لی ہے اور وہ اے پی سی میں وڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اور نواز شریف کے درمیان فون پر سیاسی صورت حال اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی تبادلہ خیال ہوا تھا۔ چیئرمین بلاول بھٹو نے نواز شریف کی صحت دریافت کی اور جلد صحتیابی کی دعا کی۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کوچیئرمن بلاول بھٹو زرداری نے اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی تھی۔واضح رہے کہ پیپلز پارٹی 20 ستمبر کو اپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی منعقد کرے گی جس میں حزب اختلاف کے رہنما شرکت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف اے پی سی میں ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب بھی کریں گے۔ واضح رہے کہ علاج کے لیے بیرون وطن روانگی کے بعد یہ کسی سیاسی سرگرمی میں ان کی پہلی باضابطہ شرکت ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں