مسلم لیگ ن آئندہ الیکشن میں کامیاب ہوکر دوبارہ حکومت بنائے گی، شاہ غلام قادر

نیلم(سٹاف رپورٹر)سپیکر آزادکشمیر قانون سازاسمبلی شاہ غلا م قادر نے کہاہے کہ مسلم لیگ ن آمدہ انتخابات میں پاکستان وآزادکشمیر میں دوتہائی اکثریت سے کامیابی حاصل کرکے حکومت بنائے گی۔مسلم لیگ ن جب پاکستان میں میاں محمد نوازشریف کی قیادت میں مضبوط ہوئی تو پاکستان ایٹمی طاقت بنا توآج ہندوستان کی جرات نہیں کہ وہ پاکستان پر حملہ کرے ۔

پاکستان مسلم لیگ ن نے 1947میں پاکستان بنایاجبکہ پیپلزپارٹی نے 1971میں توڑا،پیپلزپارٹی پاکستان میں اپنے انجام کوپہنچ چکی ہے رہی سہی کسرآنیوالے الیکشن میں نکل جائیگی ۔تحریک انصاف نے مہنگائی کرکے عام انسان کاجینا محال کردیاہے ۔ سرگن/ بگنواں سے پیپلزپارٹی ، تحریک انصاف چھوڑ کر ن لیگ میں شامل ہونیوالوں کو خوش آمدید کہتاہوں ۔

بگنواں کے عوام کیلئے 1کلومیٹر سڑک کاتحفہ لیکر آیا ہوں جس کاآئندہ ماہ ٹینڈر ہوجائیگا۔ عوام کی سہولت کیلئے انتظامی معاملات میں بہتری کردی ہے ۔ آفات سماوی کی مثل بنانے کیلئے ماضی میں سائلین کومشکلات کاسامنا تھا موجودہ دور میں متاثرہ افراد کیساتھ ہمدردی کااظہا رکرتے ہوئے مثل موقع پر بناکر معاوضہ کی صورت میں حکومت حوصلہ افزائی کرتی ہے ۔

ان خیالات کااظہار گزشتہ روز سپیکر قانون سازاسمبلی شاہ غلام قادر نے دورہ حلقہ انتخاب کے دوران بگنواں کے مقام پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت دورافتتادہ علاقوں کے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کررہی ہے عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی کسر باقی نہیں چھوڑیں گئے ۔انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی چھوڑ کر ن لیگ میں شامل ہونیوالوں نے پاکستان کی خالق جماعت مسلم لیگ ن کیساتھ اپنا رشتہ جوڑا۔

پاکستان مسلم لیگ ن میاں محمد نوازشریف کی قیادت میں مضبوط ہے 2021میںآزادکشمیر اور 2023میں پاکستان میں مسلم لیگ ن حکومت بنائے گی ۔جلسہ عام سے سابق ممبرعزیزالرحمن ، (ر)حوالدار نصیراللہ ، چوہدری یونس اقبال ،عبدالقیوم نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر عوام علاقہ بنگواں کی کثیرتعداد سپیکر اسمبلی کے انتظار میں رات گئے تک جلسہ گاہ میں موجود رہی ہے ۔

دورے کے دوران معاون خصوصی ہمراہ سپیکر اسمبلی خواجہ بشیر احمد، ایڈمنسٹریٹر ضلع کونسل محمد نوازاعوان، سینئر لیگی رکن مظفر بٹ ، چیئرمین زکواۃ تحصیل شاردہ سید محمود حسین شاہ ،مسلم لیگ ن تحصیل شاردہ کے صدر سردارمنیراحمد خان، سینئر لیگی رکن سردار نصیر احمد خان، نوجوان لیگی رکن وسیم گیلانی کے علاوہ مقامی سینئر لیگی کارکنان نے شرکت کی ۔اس موقع پرپیپلزپارٹی ، پی ٹی آئی چھوڑ کر بدرالزمان، اورنگزیب ، طاہر اشرف، عابد حسین ، محمد شعیب نے مسلم لیگ ن لیگ شمولیت اختیا ر کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں