جموں و کشمیر میڈیکل سٹوڈنٹس فورم نے پاکستان میڈیکل کمیشن کے امتحانی سلیبس کو متنازعہ قرار دے کر مسترد کر دیا

مظفرآباد ( سٹیٹ ویوز ) جموں و کشمیر میڈیکل سٹوڈنٹس فورم نے پاکستان میڈیکل کمیشن کی پالیسیوں کو مسترد کر دیا ہے ۔ میڈیکل سٹوڈنٹس فورم نے پاکستان میڈیکل کمیشن کے امتحانی سلیبس کو متنازعہ قرار دے دیا ہے۔

جموں و کشمیر میڈیکل سٹوڈنٹس فورم کے مرکزی صدر سرمد شمریز ، سینیئر نائب صدر ولید عباسی اور جنرل سیکریٹری احتشام یونس نے کہا ہے کہ پاکستان میڈیکل کمیشن کو وزیر اعظم پاکستان کے من پسند لوگ چلا رہے ہیں ۔

علی رضا ایڈووکیٹ نامی ایک وکیل کو پاکستان میڈیکل کمیشن کا وائس پریزیڈنٹ تعینات کر دیا گیا ہے ۔ اس سے بڑی ستم ظریفی کیا ہو سکتی ہے کہ یہ وکیل ٹی وی چینلز پر بیٹھ کر ڈاکٹرز کو ہدایات دے رہا ہے ۔

میڈیکل پروفیشن کی ریگولیٹری باڈی کا نائب صدر ایک وکیل کو بنا دیا گیا ہے جو کہ انتہائی شرمناک اقدام ہے ۔ وزیراعظم پاکستان نے اپنے قریبی لوگوں کو نوازنے کے لیے پاکستان میڈیکل کمیشن بنایا اور پھر من پسند لوگوں کو پاکستان میڈیکل کمیشن کا ممبر بنا دیا ۔

دنیا بھر میں ریگولیٹری اتھارٹیز منتخب لوگوں پر مشتمل ہیں جبکہ پاکستان میں ایک سیلیکٹڈ پاکستان میڈیکل کمیشن بنا دیا گیا ہے ۔ ہر نئی حکومت کے آتے ہی نئے من پسند لوگ اس کمیشن میں تعینات کیے جائیں گے ۔

اسی لیےجموں و کشمیر میڈیکل سٹوڈنٹس فورم اس نام نہاد پاکستان میڈیکل کمیشن بل کو سیاہ قانون قرار دے رہی ہے۔ فورم کے مرکزی عہدیداران نے مزید کہا ہے کہ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز ایڈمیشن ٹیسٹ سے 20 دن پہلے پاکستان میڈیکل کمیشن نے انٹری ٹیسٹ کا سلیبس تبدیل کر کے ایک متنازعہ سلیبس جاری کیا جو ملک بھر کے ہزاروں طلباوطالبات کے لیے نا قابلِ قبول ہے ۔

متنازعہ سلیبس جاری کرنے کے علاوہ پاکستان میڈیکل کمیشن نے گزشتہ کئی سالوں سے پونچھ میڈیکل کالج راولاکوٹ میں قائم امتحانی مرکز بھی ختم کر دیا جس پر طلباوطالبات سراپا احتجاج ہیں ۔

پاکستان میڈیکل کمیشن کے پاس اپنی کوئی واضح پالیسی موجود نہیں ہے اور یہ کمیشن نیشنل یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز کے نقش قدم پر چل رہا ہے ۔ جموں و کشمیر میڈیکل سٹوڈنٹس فورم کے عہدیداران نے کہا ہے کہ پاکستان میڈیکل کمیشن کی غیر قانونی پالیسیوں کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا اور اس کمیشن کی غیر قانونی پالیسیوں کے خلاف منظم تحریک اور عملی جدوجہد جاری رہے گی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں