دورہ نیوزی لینڈ کیلئے 35 رکنی اسکواڈ کا اعلان،شعیب ملک،عامر اور اسد شفیق ڈراپ

لاہور(آئی این پی)قو می کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے دورہ نیوزی لینڈ کے لیے 35 رکنی قومی اسکواڈ کااعلان کردیا۔ اسکواڈ میں شامل کھلاڑی قومی کرکٹ ٹیم اور پاکستان شاہینز دونوں کے لیے دستیاب ہوں گے۔ قومی اسکواڈ 23 نومبر کو لنکن روانہ ہوگا۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین 3 ٹی ٹونٹی اور 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز 18 دسمبر سے 7 جنوری تک جاری رہے گی۔ اس دوران پاکستان شاہینز کو 2 چار روزہ اور 4 ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے ہیں۔

پی سی بی کی جانب سے اعلان کئے گئے سکواڈ میںبابراعظم (کپتان)،محمد رضوان (نائب کپتان ٹیسٹ کرکٹ)، شاداب خان (نائب کپتان ٹی ٹونٹی )، اظہر علی، سرفراز احمد (وکٹ کیپر)، محمد حفیظ، فواد عالم،عابد علی، عبداللہ شفیق، فخر زمان، امام الحق، شان مسعود، ذیشان ملک، دانش عزیز، حیدر علی، حارث سہیل، حسین طلعت، عمران بٹ،افتخار احمد، خوشدل شاہ، روحیل نذیر (وکٹ کیپر)، عماد وسیم، یاسر شاہ، عثمان قادر، ظفر گوہر، عماد بٹ، فہیم اشرف، حارث رؤف، محمد عباس، محمد حسنین، محمد موسیٰ، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، سہیل خان اور وہاب ریاض شامل ہیں۔حیران کن طور پر شعیب ملک ،اسد شفیق اور محمد عامر کو سکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا۔

چیف سلیکٹر مصباح الحق نے تمام کرکٹ ایسوسی ایشنز کے ہیڈکوچز، جونیئر کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اعجاز احمد اورہیڈ آف انٹرنیشنل پلیئرز ڈویلمپنٹ ثقلین مشتاق سے مشاورت کے بعد اسکواڈ کو حتمی شکل دی۔ ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نوجوان بلے باز ذیشان ملک، آلراؤنڈردانش عزیز، بیٹسمین عمران بٹ، اور آلراؤنڈر عماد بٹ دورہ نیوزی لینڈ کے لیے اعلان کردہ اسکواڈ کا حصہ ہیں۔ عثمان قادراور عبداللہ شفیق کے علاوہ زمبابوے کے خلاف قومی اسکواڈ میں شامل وکٹ کیپر بیٹسمین روحیل نذیر کو دورہ نیوزی لینڈ کے لیے بھی قومی اسکواڈ میں برقرار رکھا گیا ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ کوویڈ 19 کے باعث ہمیں نیوزی لینڈ میں 14 روزہ قرنطینہ کی مدت پوری کرنی ہے، دورہ نیوزی لینڈ کیلئے ہم نے دو مختلف ٹیموں پر مشتمل ایک مکمل اسکواڈ تشکیل دیا ہے۔ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن میں شامل نیوزی لینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچز ہمارے لیے بہت اہمیت کے حامل ہیں، امید ہے کہ قومی کھلاڑی عمدہ کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے نیوزی لینڈ کے خلاف بہتر کھیل کا مظاہرہ کریں گے۔

چیف سلیکٹر نے کہا کہ وہ عماد بٹ، دانش عزیز، عمران بٹ اور روحیل نذیر جیسے نوجوان کھلاڑیوں کو دورہ نیوزی لینڈ کے لئے اسکواڈ میں شمولیت پر مبارکباد پیش کرتے ہیں، ان کھلاڑیوں کی قابلیت اور تکنیکی صلاحیتوں پر کسی کو شک نہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ کھلاڑی قومی کرکٹ ٹیم کی بینچ اسٹرینتھ ہیں اور انہیں اسی لیے دیگر چند کھلاڑیوں کی طرح خصوصی طور پر پاکستان شاہینز کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔مصباح الحق نے کہا کہ اسد شفیق کو غیرتسلی بخش بیٹنگ فارم کے باعث اسکواڈ سے ڈراپ کیا گیا ،اسد شفیق ایک تجربہ کار بلے باز ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ وہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرکیسرفراز احمد کی طرح اپنی کھوئی ہوئی فارم واپس حاصل کرسکیں۔

شعیب ملک اور محمد عامر کی جگہ نوجوان کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں شامل کیا ہے،یہ فیصلہ ہم نے آئندہ چند سالوں میں پانچ بڑے ایونٹس پر مبنی شیڈول کو سامنے رکھ کر کیا ہے جبکہ محمد حفیظ اور وہاب ریاض کو اسکواڈ میں برقرار رکھنے کی وجہ ان کی کارکردگی میں تسلسل ہے۔

ڈومیسٹک کرکٹ سیزن 21-2020 میں تین اسپنرز، نعمان علی، ساجد خان اور زاہد محمود نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں ،بدقسمتی سے ہمیں دورہ نیوزی لینڈ کے لیے 12 اکتوبر تک 45 ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست بھجوانا تھی تاہم ان تینوں کھلاڑیوں کی کارکردگی سے ہمارے اسپن ڈیپارٹمنٹ کے پول کو مزید وسعت ملی ہے، جس کا فائدہ ہمیں آئندہ سیریز میں ضرور ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں